سی پیک کے تحت پریمئیر شپ کنٹینر سروس کا آغاز

سی پیک کے تحت پریمئیر شپ کنٹینر سروس کا آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چین پاکستان اقتصادی راہداری پراجیکٹ کے تحت پریمئیر شپ کنٹینر سروس کا آغازکر دیا گیا ہے اس سروس کے تحت پہلا کنٹینر جہاز ایم ایس ٹائیگر گوادر کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گیا۔ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس دہشت اور کرار نے ایم ایس ٹائیگر کو بندرگاہ پر پہنچنے تک سیکیورٹی فراہم کی۔یہ نئی شپ کنٹینر سروس ،کراچی۔گوادر گلف ایکسپریس، گوادر پورٹ کو مشرق وسطیٰ میں جبل علی سے منسلک کرے گی اس کے علاوہ اس نئی سروس کے ذریعے گوادر پورٹ متحدہ عرب امارات میں ابوظہبی اور شارجہ پورٹس تک بھی رسائی حاصل کرے گی۔ گوادر پورٹ سے فروزَن سی فوڈ کے مزید کنٹینر اس جہاز پر لادے گئے جس کے بعد یہ جبل علی بندرگاہ کی طرف روانہ ہو گیا۔ایم ایس ٹائیگر کی گوادر بندرگاہ آمد پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاک بحریہ کے کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل معظم الیاس نے شرکت کی۔سی پیک پاکستان کے لئے گیم چینجر پراجیکٹ ہے، اس پراجیکٹ کی کامیابی ملک کی خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی اسی تناظر میں یہ پراجیکٹ نہ صرف ملکی معیشت، سیاست اور سیکیورٹی میں مرکزی حیثیت کا حامل ہے بلکہ خطے میں بھی اہم مقام رکھتا ہے۔چین پاکستان اقتصادی راہداری میں مرکزی حیثیت کے باعث گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کو بہت اہمیت حاصل ہے، اسی مقصد کے لئے پاک بحریہ نے ٹاسک فورس88 قائم کر رکھی ہے جس کا مقصد گوادر پورٹ اورملحقہ علاقوں کا تحفظ ہے۔یہ ٹاسک فورس گوادر پورٹ کو سمندر کی جانب سے دفاع فراہم کر رہی ہے اور یہاں آنے والے تجارتی جہازوں کو پاک بحریہ کے اثاثے تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر