سابقہ ادوار میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے ادارے تباہ کئے گئے،تحریک انصاف اداروں کو مضبوط کرے گی:عاطف خان
مردان(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ سابقہ ادوار میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے ادارے تباہ کئے گئے تھے، ہماری حکومت نے وسائل دینے کیساتھ ساتھ اصلاحات کے ذریعے اداروں کو اور بھی مضبوط کیا تاکہ وہ مالی اور انتظامی فیصلوں میں بااختیار ہو اور بلا تفریق عوامی مسائل حل کریں۔
واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی مردان میں افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئےمحمد عاطف خان نے کہا کہ اس کمپنی نے تھوڑے عرصے میں بہت اہم خدمات سرانجام دی ہیں جس کا سارا سہرا چیف ایگزیکٹیو اور بورڈ ممبرز کو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کمپنی کی وجہ سے مردان شہر کے عوام کو پینے کے صاف پانی اور سینیٹیشن کے بہترین سہولیات مل رہے ہیں،کسی وزیر کا یہ کام نہیں کہ وہ ٹرانسفارمر بنائے، بلکہ اس کا بنیادی کام ہے کہ وہ ان اداروں کو ٹھیک کریں جو ذمہ دار ہیں اور اصلاحات کے ذریعے ان میں بہتری لائے تاکہ آنیوالے وقتوں میں بھی عوام کے کام خود بخود ہوتے رہے اور وہ خان خوانین کے چنگل سے مکمل طور پر آزاد ہوسکیں۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ مردان چلڈرن ہسپتال کو مردان میڈیکل کمپلیکس کے زیر سایہ لانے کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ مردان میڈیکل کمپلیکس ایک مستحکم ادارہ ہے اور اس ہسپتال کا بورڈ آف گورنرز کے تحت آنے سے یہاں جلد ہی علاج معالجے کی سہولیات کا آغاز ہوگا اور بورڈ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اس ہسپتال میں جتنی بھی بھرتیاں ہوں گی سب خالص میرٹ پر این ٹی ایس اور ایٹا کے ذریعے کی جائیگی تاکہ کسی کو اعتراض نہ ہو۔