ظہیرعباس معیاری بیٹسمینوں کے فقدان پر ٹی 20 لیگز سے مایوس

ظہیرعباس معیاری بیٹسمینوں کے فقدان پر ٹی 20 لیگز سے مایوس
 ظہیرعباس معیاری بیٹسمینوں کے فقدان پر ٹی 20 لیگز سے مایوس

  

کراچی(یواین پی)سابق قومی کپتان ظہیرعباس معیاری بیٹسمینوں کے فقدان پر پی ایس ایل سمیت تمام ٹی ٹوئنٹی لیگز سے بری طرح مایوس ہو چکے ہیں جن کا کہنا ہے کہ مختصر فارمیٹ کی کرکٹ بہ مشکل ہی کوالٹی بیٹسمین فراہم کر سکتی ہے۔ایشین بریڈمین کو یقین ہے کہ پاکستان سپر لیگ سمیت دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز سے معیاری بیٹسمین تلاش نہیں کئے جا سکتے کیونکہ ان میں بیشتر چند اوورز تک ہی بیٹنگ کی اہلیت رکھتے ہیں۔ظہیر عباس کے مطابق انہیں عالمی سطح پر کھیلی جانے والی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی لیگز میں صرف ایک مسئلہ واضح نظر آتا ہے کہ ان میں معیاری بیٹسمین بہ مشکل ہی دکھائی دیتے ہیں اور اس طرز کی کرکٹ کھیلنے والے اکثر بیٹسمین اپنی استعداد کار اور قدرو قیمت کو ثابت کرنے کیلئے کریز پر زیادہ دیر قیام نہیں کر پاتے۔آئی سی سی کے سابق صدر نے واضح کیا کہ اگر کوئی بیٹسمین مکمل بیس اوورز تک کھیلتا ہے تو پھر اس پر نگاہ رکھی جا سکتی ہے لیکن اکثریت کا یہ حال ہے کہ انہیں چند اوورز سے زیادہ کھیلتے ہوئے نہیں دیکھا جاتا۔پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے صدر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ عالمی سطح پر کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی لیگز نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم کا کام کر رہی ہیں جہاں سے انہیں اپنا نام بنانے کا موقع ملتا ہے اور وہ اپنی قومی ٹیموں میں جگہ بنانے میں بھی کامیاب ہو جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا اہم مقصد پاکستان کرکٹ کو نئی صلاحیت فراہم کرنا ہے جبکہ ینگسٹرز کو بھی مناسب مواقع مل رہے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی