اعضا ء کی پیوندکاری کا غیر قانونی دھندہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا : عثمان بزدار

اعضا ء کی پیوندکاری کا غیر قانونی دھندہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا : ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں کنٹریکٹ ملازمین کی دوران ملازمت وفات کی صورت میں اہل خانہ کیلئے مالی امدادمیں اضافے کی منظوری دی گئی۔جس کے مطابق سکیل1سے4 تک کے کنٹریکٹ ملازمین کے اہل خانہ کو 16لاکھ روپے جبکہ 5سے 10سکیل تک کے ملازمین کے اہل خانہ کو 19لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی، اسی طرح11سے 15سکیل تک کے کنٹریکٹ ملازمین کے اہل خانہ کو 22لاکھ روپے، 16اور 17سکیل کے ملازمین کے اہل خانہ کو 25لاکھ روپے جبکہ 18اور 19سکیل کے ملازمین کے اہل خانہ کو 34لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔ 20اوراس سے زیادہ گریڈ کے کنٹریکٹ ملازمین کی وفات کی صورت میں اہل خانہ کو 40لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے میٹروبس سروس کر ایوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی اورکہا کہ کرائے بڑھا کر غریب عوام پر معاشی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے بلکہ عام آدمی کو ریلیف دینا ہماری ذمہ داری ہے، لہٰذا پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام کرائے بڑھانے کی بجائے وسائل میں اضافے کیلئے دیگر قابل عمل آپشن کا جائزہ لیں۔ اجلاس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے نئے ایم ڈی کی تقرری کیلئے ضروری پراسیس مکمل کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ، ڈینگی کنٹرول پروگرام اورسپیشل مانیٹرنگ یونٹ میں بھرتیوں کی اجازت دی گئی۔ عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب حکومت شعبہ سیاحت کو فروغ دینے کیلئے انقلابی اقدامات کررہی ہے جبکہ ماضی کی حکومتوں نے سیاحت جیسے اہم شعبے کو یکسر نظر انداز کیا اورسابق دور میں شعبہ سیاحت کے فروغ کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے سیاحت کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی تیار کی ہے اور پنجاب حکومت پہلی سیاحتی پالیسی کاجلد اعلان کرے گی اوراس ضمن میں سیاحتی پالیسی کے مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اوراس پالیسی کو جلد کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ گیسٹ ہاؤسز اورریسٹ ہاؤسز کو سیاحت کے فروغ کیلئے استعمال کیا جائے گا اورمحکمہ آبپاشی کے 27ریسٹ ہاؤسز کو عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے اورعوام ان ریسٹ ہاؤسز میں قیام کیلئے آن لائن بکنگ کراسکتے ہیں جبکہ دیگر ریسٹ ہاؤسز کو بھی جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں،زرعی سیاحت کے فروغ کیلئے فروٹ فیسٹیول کرائیں گے جبکہ چولستان،تھل میں ڈیزاٹ سفاری متعارف کرائیں گے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈیزاٹ سفاری کے ساتھ ثقافتی شوز کا بھی اہتمام کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ سیاحت کو اس ضمن میں جامع پلان تیار کر کے عملدر آمد کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ نئے سیاحتی مقامات کی ڈویلپمنٹ سے سیاحت کو فروغ ملے گااورروزگارکے نئے مواقع ملیں گے۔اجلاس میں صوبائی وزیر سیاحت یاسر ہمایوں،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب،سیکرٹری سیاحت، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل،منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ نے شرکت کی۔دوسری طرف عثمان بزدارکی زیرصدارت پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی (PHOTA) کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹیچنگ ہسپتالوں میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے خصوصی کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے ریجنل دفاتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اعضا ء کی پیوندکاری کا غیر قانونی دھندہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسا مکروہ کام کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کو اعضا ء کی منتقلی کے کیس جلدنمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اعضاء کی منتقلی کا تعلق انسانی زندگی سے ہے، اس ضمن میں کوئی فائل بلاوجہ نہیں رکنی چاہیئے۔ اعضاء کی منتقلی کے کیسوں کی فائل میں تاخیر کسی قیمت پر قابل قبول نہیں۔ عثمان بزدارنے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہاہے کہ خواتین کی عزت و احترام ہماری سماجی، معاشرتی اور مذہبی اقدار کا حصہ ہے اور خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے ہیں، مغرب اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہاکہ خواتین پاکستان کی آبادی کا تقریباً50 فیصد ہیں اورپاکستانی خواتین کو ترقی کے مساوی حقوق دینا تحریک انصاف کا مشن ہے۔ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ یا قوم ترقی نہیں کرسکتی۔

مزید : صفحہ اول