وزارت داخلہ کا دباؤ ، گیس چوری ، ترجمان دفتر خارجہ کو بچانے کیلئے ملازموں کو قربانی کا بکرابنانے کا فیصلہ

وزارت داخلہ کا دباؤ ، گیس چوری ، ترجمان دفتر خارجہ کو بچانے کیلئے ملازموں کو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(آن لائن)وزارت داخلہ کا دباوٗوفاقی پولیس نے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کو گیس چوری کے مقدمہ سے بچانے کیلئے ڈاکٹر فیصل کے ملازم اور سوئی گیس کے تین ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان کی ہدایت پر ایس پی سٹی سید عزیز نے بنی گالہ پولیس کو آج مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کر دی ہے ،دوسری طرف ڈی آئی جی آپریشن وقار الدین سید نے پولیس کو میرٹ پر تفتیش کرنے کا حکم دیا ہے تاہم بنی گالہ پولیس نے آئی جی اسلام آباد کے حکم کو فوقیت دیتے ہوئے مرکزی ملزم ڈاکٹر فیصل کو ہی بے گناہ قرار دے دیا ۔سوئی نادرن گیس کمپنی کی جانب سے وزارت خارجہ کے سینئر سفارت کار اور ترجمان وزارت خارجہ ڈاکٹر فیصل کے خلاف تھانہ بنی گالہ میں درخواست دے رکھی ہے کہ انہوں نے اپنے بنی گالہ والے مکان پر خلاف قانون پائپ لائن ڈال کر چوری کا میٹر لگا رکھا تھا جو سوئی گیس کمپنی نے تین سال بعد نشاندہی پر میٹر اور پائپ اتار کر تھانہ بنی گالہ کے سب انسپکٹر محمد یوسف کے حوالے کر دیا اور مکان کے مالک ڈاکٹر فیصل کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دی تھی جس پر بنی گالہ پولیس نے افسران بالا کو وقوعہ کی اطلاع دی ۔ذرائع نے بتایا کہ وقوعہ کا علم ہونے پر وزارت داخلہ کے دباوٗ پر آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان نے ایس پی سٹی کو ہدایت کی کہ کسی بھی قسم کا مقدمہ درج نہ کیا جائے جسکی وجہ سے 13دن گزرنے کے باوجود بھی بنی گالہ پولیس نے ترجمان وزارت خارجہ کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا ۔ذرائع نے انکشاف کیا کہ اب وقوعہ کا راز افشاں ہونے پر اسلام آباد پولیس نے ڈاکٹر فیصل کے ایک ملازم سمیت سوئی گیس کے تین ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو آج جمعہ کو درج کر لیا جائے گا ۔اس حوالے سے جب ڈی آئی جی آپریشن وقار الدین سید سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا سوئی گیس کی جانب سے دی گئی درخواست پر فوری میرٹ پر کاروائی کی جائے گی اور جو بھی شامل ہوا س کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا ۔معلوم ہوا ہے کہ ڈی آئی جی نے ایس پی سٹی سید عزیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ازخود کیس کی نگرانی کرتے ہوئے میرٹ پر مقدمہ درج کریں تاہم ایس پی سٹی نے آئی جی اسلام آباد کے حکم پر سوئی گیس اور ڈاکٹر فیصل کے ایک ملازم کو قربانی کا بکرا بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
گیس چوری، ڈاکٹر فیصل

مزید :

علاقائی -