کلریکل سٹاف کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے: اکرم چوہدری

کلریکل سٹاف کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے: اکرم چوہدری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر)مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے سیاسی اموروکنوینر ٹاسک فورس آن پرائس کنٹرول محمد اکرم چوہدری ، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئرمحمد اجمل چیمہ اور صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن محمد اخلاق سے آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن پنجاب کے وفد نے جنرل سیکرٹری ریاض الدین کی سربراہی میں وزیراعلی آفس میں ملاقات کی۔ وفد نے مشیر وزیر اعلی پنجاب اور صوبائی وزیر کومحکمہ سوشل ویلفیئر کے ملازمین کے تحفظات اور درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جس پر اکرم چوہدری او ر محمد اجمل چیمہ نے عدالتی احکامات کے مطابق تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اداروں کے استحکام پر یقین رکھتی ہے۔ ہمارے اداروں میں کلریکل سٹاف ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ان کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی طبقے کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں برتاجائے گااورہر کسی کو اس کی جائز حق ملے گا۔صوبائی وزیر محمد اجمل چیمہ نے ایپکا ملازمین سے کہا کہ وہ اپنا کام نیک نیتی سے کریں اور ہمارے دروازے ان کے جائز مطالبات کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سپیشل ایجو کیشن محمد اخلاق نے کہا کہ موجودہ حکومت اقرباء پروری پر یقین نہیں رکھتی اور چھوٹے ملازمین کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی چھوٹے ملازمین کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔