پاکستانی سر زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہیں ہو گی : فواد چودھری

پاکستانی سر زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہیں ہو گی : فواد چودھری

کراچی/اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم نے اپنی معیشت کو مضبوط کرنا ہے، قومی سلامتی کے معاملات پر اپوزیشن کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں اتفاق رائے پیدا ہوا ہے، ملک میں اتحاد کی فضا ہے لہٰذا نہیں چاہتے ماحول خراب ہو۔ ہم نے اپنی معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔ قومی سلامتی کے معاملات پر اپوزیشن کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔ کالعدم تنظیمیوں پر پابندی کے معاملات پر اپوزیشن سے مشاورت کریں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی سطح پر نریندر مودی کے موقف کو تسلیم نہیں کیا جا رہا۔ عملی طور پر جہادی تنظیمیوں پر پہلے ہی پابندی ہے۔ ہم پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان کی سرزمین کسی اور ملک کیخلاف استعمال نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ نیب آزاد ادارہ ہے، اس قومی ادارے کے افسران ہم نے تعینات نہیں کیے اور نہ اس کے کیسز ہماری حکومت میں بنائے گئے۔ نیب کی کارروائیوں میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔دوسری جانب اپنے ٹویٹر پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے پنجاب حکومت کو ہدایت کردی۔وفاقی وزیرنے ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعظم کی ہدایات سے آگاہ کیا۔فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کو علاج کی بہترین سہولتیں دی جائیں، وہ جس ڈاکٹر یا ہسپتال سے علاج چاہتے ہیں انہیں وہاں منتقل کیا جائے اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

مزید : کراچی صفحہ اول