کراچی، پی ایس ایل میچز کے سکیورٹی پلان میں اہم تبدیلیاں

کراچی، پی ایس ایل میچز کے سکیورٹی پلان میں اہم تبدیلیاں

کراچی(آن لائن)کراچی میں پی ایس ایل میچز کے سیکورٹی پلان میں کئی اہم تبدیلیاں، نئے پلان کے بارے میں صرف سیکورٹی نگران ہی آگاہ ہوں گے، کسی اہلکار یا بیک اپ فورس کو کچھ نہیں بتایا جائے گا،کسی بھی ایک پلان کی خرابی کی صورت میں تین پلان بیک اپ پر ہوں گے جن پر عمل کیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق حساس ادارے کی جانب سے پی ایس ایل کے موقع پر دہشت گردی کے خدشے پر مشتمل مراسلہ موصول ہوتے ہی پولیس حکام نے سیکورٹی پلان میں کئی اہم تبدیلیاں کردی ہیں جبکہ ڈیوٹی دینے والے 13 ہزار اہلکاروں کے ساتھ بیک اپ فورس اور شہر بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ سے ٹیموں کی ہوٹل آمد اور ہوٹل سے اسٹیڈیم آمد کے موقع پر کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے بارے میں صرف سیکورٹی نگراں ہی جانتے ہوں گے۔ روٹ پر تعینات اہلکار اور بیک اپ فورس کسی پلان کو نہیں جان سکے گی، کسی بھی ایک پلان کی خرابی کی صورت میں بیک وقت 3 پلان بیک اپ پر رہیں گے جن میں سے کسی بھی پلان پر عمل کر لیا جائے گا، ہر پلان کی کمان ایک اعلیٰ افسر کے ساتھ دیگر اداروں کے افسران کے پاس ہوگی، جو مرکزی پلان کے نگراں سے مسلسل رابطے میں رہے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اسی طرح بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ایک درجن سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں سے 6 ٹیمیں صرف روٹ پر موجود رہیں گی جبکہ 6 ٹیموں کے اہلکار پارکنگ ایریا اور اسٹیڈیم کے اطراف میں موجود رہیں گے۔ ذرائع کے بقول اسٹیڈیم کے اطراف اور روٹ پر واقع تمام بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ بازوں کی تعیناتی کے ساتھ فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں تعینات افسران، شوٹر اورفضائی نگرانوں سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق اسٹیڈیم کے اطراف کے تمام علاقوں میں سیکورٹی ہائی الرٹ بدھ کی صبح سے کر دیا گیا ہے اور 24 گھنٹے ہر شخص اور گاڑی کو نگاہ میں رکھا جارہا ہے۔

پی ایس ایل ، پلان

مزید : کراچی صفحہ اول