وفاقی حکومت نے لیاری کے لیے کچھ نہیں کیا ہے،حبیب جان

وفاقی حکومت نے لیاری کے لیے کچھ نہیں کیا ہے،حبیب جان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ممبر سندھ کونسل اور کراچی سٹی الائنس کے مرکزی کنونئیر حبیب جان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے لیاری کے لیے کچھ نہیں کیا ہے جبکہ سندھ حکومت اب تک بلاول بھٹو زرداری کی شکست کے صدمے سے باہر نہیں نکلی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی پرنسپل انجم رحمن اور شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر اختر بلوچ کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں کے بعد علاقہ کے معززین کے نمائندہ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔حبیب جان نے کہا کہ ہم نے حکمران جماعتوں کو وقت دے کر انتظار کیا کہ یہ عوام کی بہتری کے لیے کیا اقدامات کرتی ہیں لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ چھہ ماہ کا عرصہ گزرنے بعد بھی مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی انتہائی ناقصد ہے ۔پی ٹی آئی کی مرکزی حکومت نے بھی ان چھہ ماہ کے عرصہ میں لیاری کیلئے کچھ نہیں کیا جبکہ دوسری طرف سندھ حکومت اب تک بلاول بھٹو زرداری کی شکست کے صدمہ سے باہر نہیں نکلی ہے اور اپنی شکست کا بدلہ ہمارے تعلیمی اداروں کو تباہ و برباد کر کے لینا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی سیٹوں کو ایک سازش کے زریعے 50کرنے کی کوشش کی گئی جو اعلی عدالتوں نے ناکام بنائی۔ ہم نے2011 میں میڈیکل کالج کی ابتدائی سیٹوں کی تعداد 100 اور بعد میں 2015 تک 250 سیٹوں کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن سندھ حکومت نے گزشتہ ادوار میں اضافی بلڈنگ اور مذید نئے کیمپس بنانے میں کوئی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ اس کے برعکس کالج انتظامیہ اور پی پی پی کی مرکزی قیادت فنڈز کی خوردد برد میں دست و گریبان ہوکر عدالتی جنگ میں مصروف ہوگئی۔حبیب جان نے وفود کو یقین دلاتے ہوئے کہا شہید بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج اور لیاری یونیورسٹی کے ساتھ ساتھ دیگر تعلیمی ادارے ہمارے لئے زندگی اور موت کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہمارے 7000 نوجوانوں کی قربانیوں کے بعد ہمیں یہ نصیب ہوئے ہیں۔ ہم اس سلسلے میں باقاعدہ وکلا کے زریعے ارباب اقتدار کوباور کرائیں گے کہ لیاری لاوارث نہیں ہیں ہمارے تعلیمی اداروں کی تباہی اور نوکریوں کی بندر بانٹ پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ حبیب جان نے مرکزی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لیاری میڈیکل کالج اور یونیورسٹی کے اضافی کیمپس اور بلاک کی تعمیر کیلئے کالج کے اندر ہی ہائی رائز بلڈنگیں تعمیر کی جائیں یا دیگر صورت لیاری میں موجود گوداموں کی زمینوں کو خرید کر کالج اور یونیورسٹی کیلئے مختص کر کے اضافی کیمپس تعمیر کئے جائیں۔