ایوان بالابنچ اوربارکے درپیش مسائل حل کر نے کیلئے کردار ادا کر رہا ہے،چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد( آن لائن ) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ قانون سازی اور قوانین پر موثرعملدرآمد کیلئے متعلقہ آئینی اداروں کے مابین روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ ایوان بالا بنچ اور بار کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بھر پور کردار ادا کر رہا ہے اورملک میں عدالتی نظام کو مزید فعال بنانے اور زیر التوا مقدمات کوجلد ازجلد نمٹانے کے عزم کی بھرپور تائید کرتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے نو منتخب صدر راجہ انعام امین منہاس سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ امر خوش آئندہے کہ انصاف کی فوری فراہمی کیلئے عدلیہ ، بار ایسوسی ایشنز اور آئین ساز اداروں کے مابین موثر ہم آہنگی پائی جاتی ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار کو درپیش مسائل اور اسلام آباد ہائیکورٹ سے متعلق امور کے حوالے سے بہت جلد بار کے وفد سے ملاقات کریں گے جس میں درپیش مسائل کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا۔صادق سنجرانی نے اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے نو منتخب صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ عدلیہ ، وکلااور آئین ساز اداروں کے مابین روابط کو مزید فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے اور وکلا کے مسائل کو اُجاگر کرنے اور ان کے حل کیلئے کوشاں رہیں گے ۔