وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گا: مشتاق احمد غنی

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گا: مشتاق ...

پشاور(سٹی رپورٹر )پاکستان کو عمران خان کے روپ میں ایک ایسا لیڈر ملا جو ایک اعلی پایہ کا سیاستدان اور عظیم کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کا درد رکھنے والا انسان بھی ہے۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گا۔ان خیالات کا اظہار سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے پاکستان بزنس کونسل ابو ظہبی کی جنرل باڈی میٹنگ میں پاکستانی تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کے دوران کیا۔انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے صوبے کا تقریبا'' ہر محکمہ اقربا پروری رشوت ستانی میں اپنی مثال آپ تھا۔عوام کو صحت، تعلیم، روزگار، مقننہ وغیرہ کے حوالے سے بے شمار مسائل کا سامنا تھا اور پولیس کے محکمے کو تو حکمرانوں نے اپنا ذاتی غلام بنایا ہوا تھا۔صوبے میں امن و امان کی انتہائی مخدوش حالت تھی جسکی وجہ سے صوبے میں موجود صنعتیں بند ہوئی اور بے روزگاری کی شرح میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا۔ہسپتالوں سکولوں میں ڈیوٹی پر کوئی ہوتا ہی نہی تھا۔مگر جب صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئی تو ہماری حکومت نے نہ صرف اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کیا بلکہ صوبے میں پرامن حالات بھی پیدا کئے۔پولیس کو غیر سیاسی بنایا، ہسپتالوں کو وسعت دی گئی اور مریضوں کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی۔تعلیمی درسگاہوں کی حالت زار پر خصوصی توجہ دی گئی اور تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرکے سکولوں میں تقریبا'' اکیس لاکھ بچوں کو ٹاٹ سے اٹھا کر میز کرسی پہ بٹھایا۔سکولوں میں نئے کمرے بنوائے گئے، اساتذہ کے لئے بائیومیٹرک طریقہ کار سے سکول میں حاضری ممکن بنائی گئی اور صوبے کے تمام سکولوں کالجوں میں این ٹی ایس سے کامیاب شدہ اساتذہ کی بھرتی کی گئی۔تقریب کے اختتام پر سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے پاکستان بزنس کمیونٹی کو صوبہ خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے اور اس سے نہ صرف انکے کاروبار کو وسعت ملے گی بلکہ صوبے میں بے روزگاری کا بھی خاتمہ ہوگا۔

مزید : کراچی صفحہ اول