آسان شرائط پر ویزے کے اجراء سے پاک نیپال تعلقات فروغ پائیں گے :محمد عاطف خان

آسان شرائط پر ویزے کے اجراء سے پاک نیپال تعلقات فروغ پائیں گے :محمد عاطف خان

پشاور( سٹاف رپورٹر)نیپال کی حکومت نے پاکستان کی طرف سے نئی ویزہ پالیسی متعارف کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے نیپال میں موجود بدھ مت کے ماننے والوں کو خیبر پختوخوا میں بدھ مت کے مقدس مقامات تک رسائی کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔آسان شرائط پر ویزے کے اجراء سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بھی فروغ پائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار نیپال کے ٹوارزم بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو دیپک راج نے خیبر پختوخوا کے سینئر وزیر عاطف خان کیساتھ گزشتہ روز جرمنی کے دارالحکومت برلن میں جاری ٹریول اینڈ ٹریڈ شو کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ٹوارزم کے حوالے سے امور زیر بحث آئے۔سینئر وزیر نے اس موقع پر نیپال ٹوارزم بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو کو خیبر پختوخوا میں موجود ہزاروں سال پرانے بدھ مت کے مقدس مقامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ان مقدس مقامات کو محفوظ بنانے اور ترقی دینے کے لئے حکومت نے ٹھوس اقدامات آٹھائے ہیں۔نیپال کے ٹوارزم بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو دیپک راج نے حکومت خیبر پختوخوا کی جانب سے بدھ مت کے مقدس مقامات کو محفوظ بنانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں موجود بدھ مت کے مقدس مقامات سے نیپال کے لوگ مذہبی عقیدت رکھتے ہیں اور وہاں کے لوگ خیبر پختوخوا میں موجود بدھ مت کے مقدس مقامات کو دیکھنے کے لئے بے تاب ہیں۔حکومت پاکستان کی طرف سے نئی ویزہ پالیسی کے اعلان کے بعد بہت جلد نیپال کے عوام کی ایک بڑی تعداد صوبہ خیبر پختوخوا کے دورے شروع کرے گی۔بڑی تعداد میں لوگ ان مقامات کا رخ کرنا چاہتے ہیں۔حکومت پاکستان کی طرف سے ویزہ پالیسی میں نرمی کی وجہ سے نیپال میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو خیبر پختونخواہ میں موجود بدھ مت کے مقدس مقامات کی زیارت نصیب ہوجائیگی۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے حوالے سے مختلف معاہدوں پر بھی غور کیا گیا۔یاد رہے کہ سیاحت کو فروغ دینے کے لئے جرمنی میں بین القوامی ٹریول اینڈ ٹریڈ شو کا اہتمام کیا گیا ہے جسمیں وزیر سینئر برائے سیاحت وثقافت محمد عاطف خان پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔شو میں پاکستان کی سیاحت و ثقافت پر مشتمل سٹال لگایا گیا ہے جو غیر ملکیوں کی توجہ کا مرکز ہے۔سینئر وزیر محمد عاطف خان نے گزشتہ روز بھی شو میں شرکت کے دوران سری لنکن وزیر سیاحت سے ملاقات کی ۔اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول