میٹروبس سروس کے کرائے میں اضافہ کی تجویز لیکن وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا فیصلہ سنایا؟ جواب آپ کے تمام اندازے غلط ثابت کردے گا

میٹروبس سروس کے کرائے میں اضافہ کی تجویز لیکن وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا فیصلہ ...
میٹروبس سروس کے کرائے میں اضافہ کی تجویز لیکن وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا فیصلہ سنایا؟ جواب آپ کے تمام اندازے غلط ثابت کردے گا

  

لاہور(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میٹروبس سروس کر ایوں میں اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے غریب عوام پر معاشی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے بلکہ عام آدمی کو ریلیف دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ اعضا کی پیوندکاری کا غیر قانونی دھندا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسا مکروہ کام کرنیوالوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کنٹریکٹ ملازمین کی دوران ملازمت وفات کی صورت میں اہلخانہ کیلئے مالی امدادمیں اضافے کی منظوری دید ی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا ،جس میں کنٹریکٹ ملازمین کی دوران ملازمت وفات کی صورت میں اہلخانہ کیلئے مالی امدادمیں اضافے کی منظوری دی گئی۔جس کے مطابق سکیل1سے 4 تک کے کنٹریکٹ ملازمین کے اہلخانہ کو 16لاکھ جبکہ 5سے 10سکیل تک کے ملازمین کے اہلخانہ کو 19لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائیگی، اسی طرح11سے 15سکیل تک کے کنٹریکٹ ملازمین کے اہلخانہ کو 22لاکھ ، 16اور 17سکیل کے ملازمین کے اہلخانہ کو 25لاکھ جبکہ 18اور 19سکیل کے ملازمین کے اہلخانہ کو 34لاکھ روپے مالی امداد دی جائیگی، 20اوراس سے زیادہ گریڈ کے کنٹریکٹ ملازمین کی وفات کی صورت میں اہلخانہ کو 40لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائیگی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے میٹروبس سروس کر ایوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی اورکہا کہ کرائے بڑھا کر غریب عوام پر معاشی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے بلکہ عام آدمی کو ریلیف دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ، ڈینگی کنٹرول پروگرام اورسپیشل مانیٹرنگ یونٹ میں بھرتیوں کی اجازت دی گئی۔ اجلاس میں اٹک ،بہاولنگر،لیہ،میانوالی اورراجن پور میں نرسنگ کالجز اورمدراینڈچائلڈ ہسپتالوں کے قیام کا فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرزہسپتال چکوال کیلئے فنڈزکے اجرا اور تونسہ شریف میں پناہ گاہ بنانے کی منظوری دی گئی۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ نے پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے اجلاس میں ٹیچنگ ہسپتالوں میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے خصوصی کاﺅنٹر قائم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا اعضا کی پیوندکاری کا غیر قانونی دھندا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا اور ایسا مکروہ کام کرنیوالوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ اس موقع پر صوبائی مشیر صحت محمد حنیف پتافی نے بعدازمرگ اپنے اعضا عطیہ کرنے کااعلان کیا۔

مزید برآں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اس موقع پروزیراعلیٰ نے کہا پنجاب حکومت شعبہ سیاحت کو فروغ دینے کیلئے انقلابی اقدامات کررہی ہے۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا نئے پاکستان میں خواتین کوبااختیار بنانے کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے جائینگے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور