مسلسل کھیلنے کی وجہ سے سرفراز جسمانی اور ذہنی تھکاوٹ کا شکار تھے، انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں:انضمام الحق

مسلسل کھیلنے کی وجہ سے سرفراز جسمانی اور ذہنی تھکاوٹ کا شکار تھے، انہیں ...
مسلسل کھیلنے کی وجہ سے سرفراز جسمانی اور ذہنی تھکاوٹ کا شکار تھے، انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں:انضمام الحق

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو صرف آرام دینے کے لیے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شامل نہیں کیا گیا، ڈراپ کیے جانے سے سرفراز کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ٹیم کے انتخاب میں کپتان سرفراز احمد اور کوچ کی رائے شامل ہے، مسلسل کھیلنے کی وجہ سے سرفراز جسمانی اور ذہنی تھکاوٹ کا شکار تھے۔انہوں نے کہا کہ اس بات میں صداقت نہیں ہے کہ سرفراز احمد آرام کرنے کی بجائے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنا چاہتے تھے۔انضمام الحق نے کہا لہ سرفراز احمد اہم کھلاڑی ہیں اور ان کی رائے کو اہمیت دینا ہماری ذمہ داری ہے،سرفراز ہمارے کپتان ہیں اور ایک دو میچز کے لیے ڈراپ کیے جانے سے ان کو گھبرانا یا ڈرنا نہیں چاہیے،میرا خیال ہے کہ وہ اس طرح نہیں سوچتے اور ان کو اس حوالے سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ  پی سی بی نے آسٹریلیا کیخلاف 22 مارچ سے 31 مارچ تک یو اے ای میں شیڈول پانچ ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق سرفراز احمد، بابراعظم، فخرزمان، حسن علی، شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا گیا ہے اور آل راؤنڈر حسین طلعت کو بھی ڈراپ کر دیا گیا ہے جبکہ محمد حفیظ کو انجری کے باعث سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ٹیم کی کپتانی سٹار کرکٹر شعیب ملک کو سونپی گئی ہے 

مزید : کھیل