وزیر اعظم اور ان کے درباریوں کا پھرسے نوازشریف کی صحت پر سیاست کرنا قابل مذمت اور افسوسناک ہے:مریم اورنگزیب

وزیر اعظم اور ان کے درباریوں کا پھرسے نوازشریف کی صحت پر سیاست کرنا قابل ...
وزیر اعظم اور ان کے درباریوں کا پھرسے نوازشریف کی صحت پر سیاست کرنا قابل مذمت اور افسوسناک ہے:مریم اورنگزیب

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات  مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کے درباریوں کا پھرسے نوازشریف صاحب کی صحت پر سیاست کرنا قابل مذمت اور افسوسناک ہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق مریم اورنگزیب کا کہنا تھا  کہ ڈھونگ رچانے والے بتائیں کہ 2مہینے سے انہیں ہسپتالوں میں گھمانے کا ڈرامہ کیوں کیاگیا؟ آج حکومت نوازشریف صاحب کو صحت کی تمام سہولتیں دینے پر تیار ہے تو قوم سے پہلے جھوٹ کیوں بولا گیا؟۔انہوں نے کہا کہ ایک بیمار شخص کے ساتھ 2 مہینے تماشہ کرکے اسے ذہنی اذیت کیوں دی گئی اور علاج میں تاخیر کا جرم کیا گیا؟. ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب  نے کہا کہ پی آئی سی میں طبی تشخیص کے بعدایسے ہسپتالوں میں کیوں رکھاگیا جہاں متعلقہ علاج میسر تھا ہی نہیں؟اب ہر وزیر اپنی سیاست چمکانے کے لیے پھر بیان بازی کر رہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف صاحب کے ساتھ یہ رویہ پنجاب حکومت کے چھوٹے ذہن اور کم ظرفی کی علامت ہے،حکومت مخلص ہوتی تو سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور ڈرامہ بازی میں وقت ضائع کرنے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کرتی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، وزراء اور ترجمانوں کو اب پتہ چل گیا ہے کہ نواز شریف صاحب واقعی بیمار ہیں، اب بظاہر ایسا تاثر دیا جارہا کہ حکومت ان کے علاج کے لئے کوشش کررہی ہے۔

مزید : قومی