نئے پاکستان میں خواتین کو عزت و احترام، ترقی، خود مختاری اور تحفظ دینگے: عثمان بزدار

      نئے پاکستان میں خواتین کو عزت و احترام، ترقی، خود مختاری اور تحفظ دینگے: ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے ہیں، مغربی ممالک اس کا تصور بھی نہیں کرسکتے، پسماندہ علاقوں کی خواتین کو معاشرتی اور معاشی طور پر مزید مضبوط بنانے کیساتھ ساتھ نئے پاکستان میں خواتین کو عزت و احترام، ترقی، خود مختاری اور تحفظ دیں گے۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے،پنجاب میں ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت کیلئے سرکاری و نجی اداروں میں ڈے کیئر سینٹرز کا قیام عمل لایا گیا ہے اور خواتین کی رہنمائی کیلئے پنجاب ویمن ہیلپ لائن 1043 قائم کی گئی ہے جبکہ خواتین کی آگاہی کیلئے ڈیجیٹل آن لائن میگزین متعارف کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج خواتین عملی میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آتی ہیں۔خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی ایک روشن معاشرے کی تشکیل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے خواتین کے عملی میدان میں کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جبکہ کوئی معاشرہ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔علاوہ ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کو سیاسی وعدوں سے بہلایا گیا اور سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے نام پر لئے گئے فنڈ اپنے حلقوں پر لگائے جبکہ جنوبی پنجاب کے عوام نے ترقی کے نام پر دھوکہ دینے والوں کو عام انتخابات میں بری طرح مسترد کیا، تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں شاندار مینڈیٹ ملا اور ہم اس کی لاج رکھیں گے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال او رجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدے ہر صورت نبھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم باب بند کردیا جبکہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پورا فوکس ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ دیہات تک رسائی پراجیکٹ کے تحت دیہی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی جبکہ جنوبی پنجاب میں نئے ہسپتال، کالج اور یونیورسٹیاں بنائیں گے۔مزید برآں ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پنجاب سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثما ن بزدار نے ہدایت کی کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں سے ہونے والے حادثات میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول