حکومت ادارو ں کی بہتری، گڈ گورننس کیلئے اقدامات کررہی ہے، شاہ محمود

حکومت ادارو ں کی بہتری، گڈ گورننس کیلئے اقدامات کررہی ہے، شاہ محمود

  



ملتان(این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ادارو ں کی بہتری اور گڈ گورننس کیلئے اقدامات کررہی ہے،مثبت نتائج سامنے آئینگے، ترقیاتی کاموں کیلئے ترجیحات کا تعین ہونا چاہئے، مضبوط ترقی کیلئے اداروں میں روابط بڑھانے ہونگے، ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے عوام نے ترقی کے نام پر دھوکہ دینے والوں کو بری طرح مسترد کیا، یہاں کے عوام نے تحریک انصاف کو بھر پور مینڈیٹ دیا جس کا ہم احترام کریں گے۔ گزشتہ روز ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ایمپلائز یونین کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ملتان شہر میں سیوریج کا مسئلہ سب سے سنگین مسئلہ ہے، موجودہ بجٹ میں 2ارب روپے سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے رکھوائے۔ واسا کا نظام 30سال پہلے کی ضرورت کو مد نظر رکھ کر ترتیب دیا گیا تھا۔پی ایچ اے ملازمین کو گزشتہ4ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں جس سے ملازمین کوفت کا شکارہیں۔ملازمین کی کو تنخواہو ں کی ادائیگی کے لئے اعلیٰ حکام سے بات کرونگا۔وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے دوران ملتا ن شہر کی بہتری کا منصوبہ رکھا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے شہر کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کرنے کا وعدہ کیا۔ میٹرو منصوبے سے قبل شہر کے دیگر مسائل حل کئے جاتے تو لوگو ں کو آسانی ہوتی۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت ادارو ں کی بہتری اور گڈ گورننس کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ جس کے مثبت نتائج سامنے آئینگے۔ ملتان کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں۔ جو آئندہ 50سال کی ضروریات پوری کرے گا۔ شہر کے سیوریج سسٹم کی تبدیلی کیلئے ورلڈ بینک اور جاپانی ایجنسی جائیکا سے بات چیت چل رہی ہے۔ جن سے اچھی فنڈنگ کروا کر ملتان شہر کا سیوریج سسٹم تبدیل کریں گے۔

شاہ محمود

مزید : صفحہ اول