گولیمار، منہدم عمارت سے مزید 3لاشیں بر آمد، ہلاکتیں بڑھنے کا امکان

  گولیمار، منہدم عمارت سے مزید 3لاشیں بر آمد، ہلاکتیں بڑھنے کا امکان

  



کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد کے رضویہ سوسائٹی تھانے کی حدود گولیمار میں منہدم ہونے والی رہائشی عمارت کے ملبے سے مزید 3افراد کی لاشیں برآمد ہونے پر جاں بحق افراد کی تعداد 20 ہو گئی۔اسسٹنٹ پولیس سرجن عباسی شہید ہسپتال ڈاکٹر سلیم کے مطابق گزشتہ روز 3لاشیں ہسپتال لائی گئیں۔پولیس کے مطابق عمارت کے گراؤنڈ فلور پر ایک کلینک تھا جہاں پر 4سے5 افراد کے موجود ہونے کے شواہد ملے ہیں۔پولیس کا خیال ہے کہ مزید کئی افراد ملبے میں دبے ہو سکتے ہیں۔گولیمار میں تیسرے روز بھی گرنے والی عمارت کا ملبہ مکمل طور پر ہٹایا نہ جاسکا،پاک فوج کے جوان اور دیگر ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ تنگ گلیوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ریسکیو اداروں کی جانب سے ملبہ ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری استعمال کی جارہی ہے۔منہدم بلڈنگ کے واقعہ میں بچ جانے والے لوگوں کا کہنا تھا کہ ملبہ تلے دبے افراد کے جمعہ کے روزتک فون آتے رہے تو زندگی کی امید تھی لیکن گزشتہ روز کوئی فون بھی نہیں آیا جس نے پریشانی میں اضافہ کر دیا۔

لاشیں برآمد

مزید : صفحہ اول