کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو لاہور قلندر ز کے ہاتھوں 8وکٹوں سے بد ترین شکست
لاہور،راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 21 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو رواں ایونٹ میں دوسری بار شکست دے دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور کو جیت کے لیے 99 رنز کا ہدف دیا تھا جو لاہور نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔لاہور قلندرز رواں ایونٹ میں اب تک دو میچ ہی جیتے ہیں اور ان کی دونوں فتوحات دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ہیں۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔قلندرز کا پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور پہلا نقصان ہی کوئٹہ کو شین واٹسن کی صورت میں ہوا جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ شین واٹس کے بعد احمد شہزاد اور کپتان سرفراز احمد بھی بالترتیب 9 اور ایک رنز بناکر شاہین اور سمت پٹیل کا شکار بنے۔قلندرز کے سمت پٹیل نے چھٹے اوور میں یکے بعد دیگر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور یوں 21 کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹے۔6 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد سہیل خان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس کی بدولت کوئٹہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بناسکی۔ یہ پی ایس ایل کی تاریخ کا کم ترین اسکور ہے۔سہیل خان، زاہد محمود اور محمد نواز کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا اور سہیل خان 32 رنز بناکر نمایاں رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے سمت پٹیل نے 4، شاہین آفریدی اور راجہ فرزان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔99 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں کو بھی بیٹنگ میں تھوڑی مشکل آئی کیوں کہ بارش کی وجہ سے گیند بہت زیادہ ٹرن ہورہا تھا۔قلندرز کی پہلی وکٹ 27 رنز پر گری جب فخر زمان 20 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد سہیل اختر بھی 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔بین ڈنک اور محمد حفیظ نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور ہدف باآسانی 11.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔محمد حفیظ 39 اور ڈنک 30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔دوسری طرف پی ایس ایل فائیو کے 20ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ڈرک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت شکست دیدی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 20ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پشاور زلمی نے 9 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 85 رنز بنالیے تھے تاہم بارش کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا جس کے بعد ڈرک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پشاور زلمی کو جیت کا حق دار قرار دیا گیا۔پشاور زلمی کی جانب سے امام الحق اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا، امام صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور کامران اکمل 21 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ بارش کے باعث میچ ختم ہونے سے پہلے ٹام بینٹن 16 گیندوں پر 20 اور حیدر علی 8 گیندوں پر 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا، رونکی صرف 6 رنز بنانے کے بعد راحت علی کا شکار بنے۔ رضوان حسین بھی 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔کولن منرو نے کپتان شاداب خان کے ساتھ ملکر زبردست شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، منرو 35 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کولن انگرام نے بھی شاداب خان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 50 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی۔کولن انگرام 25 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے جب کہ شاداب خان نے 42 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 2، کارلوس بریتھ ویٹ، وہاب ریاض اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اسلام آباد یونائیٹڈ میں صرف ایک تبدیلی کی گئی، حسین طلعت کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا جب کہ پشاور زلمی میں اوپننگ بلے باز ٹام بینٹن اور کارلوس بریتھ ویٹ کی واپسی ہوئی ہے۔
میچ