سٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کو 15مئی تک واجبات ادا کرنے کا حکم

  سٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کو 15مئی تک واجبات ادا کرنے کا حکم

  



کراچی(آئی این پی)عدالت نے پاکستان سٹیل ملز کے ساڑھے چار ہزار ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات 15مئی تک ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سٹیل ملز کے ساڑھے4ہزار ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس کے بعد عدالت نے تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔عدالتی حکم کے باوجود وفاقی سیکریٹری فنانس، سیکریٹری پروڈکشن سماعت پر پیش نہ ہوئے جس پر جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں وفاقی سیکریٹریز کو جاری ہونے والے شوکاز نوٹس کو برقرار رکھا۔ایڈیشنل سیکرٹری فنڈز نے درخواست گزاروں کو پینشن ادا کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کو خط ارسال کریں گے جس میں واجبات کی ادائیگی کے لیے فنڈ مختص کرنے کی سفارش کی جائے گی۔سندھ ہائیکورٹ نے وفاق اور اسٹیل مل انتظامیہ کی جانب سے دی گئی تجاویز مستردکرتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں لکھا گیا ہے کہ بینک اکائنٹس فنڈز منجمد کرنے سے پہلے آخری موقع دیناچاہتے ہیں، تمام ریٹائرڈ ملازمین کو پینشنز 15مئی تک ادا کر دی جائیں۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ کہ فنڈز میں کمی کی وجہ سے پینشنرز کی ادائیگی کو نہیں روکا جاسکتا، حکومت کو پینشنرز کے معاملات طے کرنیکا آخری موقع دیاجارہا ہے، آئندہ سماعت تک معاملات طے نہ کئے گئے تو تمام متعلقہ اکانٹس اور فنڈز منجمدکردیے جائیں گے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر سیکریٹری فنانس اور منسٹری آف انڈسٹریز پروڈکشن، سیکریٹری کیبنٹ ڈویژن اور اسٹیل مل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو حاضری یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔

سٹیل ملز

مزید : صفحہ اول