عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر مظالم بند کرانے میں کردار ادا کرے: اس قیصر

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر مظالم بند کرانے میں کردار ادا کرے: ...

  



اسلام آباد (این این آئی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے خواتین کی بے حرمتی اور ان پر جبر و تشدد روز مرہ کا معمول بن چکا ہے،مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 117 دنوں سے جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں خواتین ضعیف، بچے اور بیمارافراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر ہونے والے مظالم کو بند کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارخواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں دیتے ہوئے کیا جو ہر سال 8 مارچ کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں منایا جا تا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین کے حقو ق کا تحفظ ناگزیر ہے اوران کی حوصلہ افزائی اور انہیں ہر شعبے میں یکساں مواقع فراہم کرکے ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی کا ایک بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور موجودہ حکومت آبادی کے اس بڑے حصے کے حقوق کے تحفظ اور انہیں محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرْ عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک اور ان پر جبر و تشد کا نشانہ بنانے کے معاملے پر عالمی برادری کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے اورقانون سازی کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔سپیکر نے کہا کہ اسلام خواتین کو مساوی حقو ق اور احترام دیتا ہے اور صنفی امتیاز کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے بارے میں منفی رویوں کو بدلنے، انہیں قومی دھارے میں لانے اور انہیں معاشرے میں ان کا جائز مقام دلانے کے لیے جامع لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔

اسد قیصر

مزید : صفحہ آخر