پولیس کے رویے اور کارکردگی میں بہتر ی کیلئے اقدامات جاری،راجہ بشارت

  پولیس کے رویے اور کارکردگی میں بہتر ی کیلئے اقدامات جاری،راجہ بشارت

  



لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے رویے اور کارکردگی میں واضح تبدیلی لانے کے لیے چار مراحل میں 48 ارب روپے دینے کے ساتھ سخت مانیٹرنگ میکنزم لا رہے ہیں،فی قتل تفتیش کا بجٹ 525 سے بڑھا کر 30 ہزار کیا جا رہا ہے لیکن اس میں آڈٹ کا نظام بھی ساتھ ہی لایا جائے گا، فرسودہ وائرلیس سسٹم و ڈیجیٹل آلات کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔وہ ڈی جی پی آر میں صوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل (ر) ہاشم ڈوگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ فوری طور پرساڑھے دس ہزار سے زائد بھرتیوں کے علاوہ صوبہ بھر کے تھانوں کے لیے 500 اور پٹرولنگ پولیس کے لیے 68نئی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں جو صرف سرکاری ڈیوٹی کے لیے استعمال ہو سکیں گی، 49 تھانوں کی زیر تعمیر عمارتیں مکمل کر کے فعال کی جائیں گی جبکہ 101 تھانوں کو سرکاری اراضی منتقل کر کے وہاں نئی عمارتوں کی تعمیر شروع کی جائے گی، پولیس کا ایگزیکٹو الاؤنس بحال کرکے ان کی تنخواہیں پی اے ایس افسران کے برابر لائی جا رہی ہیں،انہوں نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت سانحہ ء ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزا دلانے کے لیے قانون کے مطابق کام کر رہی ہے جبکہ سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو بھی عدالت سے سزا دلوائی گئی تھی تاہم فریقین نے خود صلح کر لی۔

راجہ بشارت

مزید : صفحہ آخر