عوام کے بنیادی مسائل کے حل کو ترجیح حاصل ہے: ڈاکٹر امجد علی

عوام کے بنیادی مسائل کے حل کو ترجیح حاصل ہے: ڈاکٹر امجد علی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ ہے، توانائی کے شعبے میں کئی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ صارفین کو مسلسل بجلی کی فراہمی ممکن بنانے کے لئے نئے منصوبوں سمیت بجلی کے نظام میں بہتری لانے کے لئے بھی اصلاحات متعارف کئے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر ہاوسنگ نے ان خیالات کا اظہار سوات میں واپڈا حکام کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ ڈاکٹر امجد علی کو ایکسین واپڈا، ایس ڈی او بریکوٹ و کبل سرکل اور دوسرے اہلکاروں نے علاقہ میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ واپڈا اہلکاروں نے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجدعلی کو کبل فور فیڈر کے حوالے سے اب تک کئے گئے کام کے حوالے سے اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ فیڈر پرکام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور عنقریب منصوبے کا افتتاح کردیا جائیگا۔ ملاقات میں چونگئی ذرہ خیلہ کے لیے الگ فیڈر کی منظوری بھی دے دی گئی جس سے علاقے میں بجلی کی کم وولٹیج کے بحران سے مکمل چھٹکارا مل جائیگا۔ وزیر ہاوسنگ خیبر پختونخوا ڈاکٹرامجدعلی نے واپڈا اہلکاروں کو کم وولٹیج کے خاتمے اور بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن بنانے کی ہدایت کی۔