خواتین کو مضبوط بنانے کیلئے انقلابی منصوبے جاری ہیں،مسرت چیمہ

  خواتین کو مضبوط بنانے کیلئے انقلابی منصوبے جاری ہیں،مسرت چیمہ

  



لاہور(این این آئی) پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت خواتین کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کیلئے برابری کے مواقع فراہم کر رہی ہے، خواتین کو معاشرتی اور معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے انقلابی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جس سے انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے میں مدد ملے گی،احساس آمدن پروگرام میں 60فیصدخواتین کو شامل کیا گیا ہے جو موجودہ حکومت کے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے عملی اقدامات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے ہیں مغرب اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔خواتین پاکستان کی آبادی کا تقریباً50 فیصد ہیں اورپاکستانی خواتین کو ترقی کے مساوی حقوق دینا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے۔ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ یا قوم ترقی نہیں کرسکتی، بد قسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے کوئی مثبت اقدام نہیں اٹھایا لیکن موجودہ قیادت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے،خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

مسرت چیمہ

مزید : پشاورصفحہ آخر