پختون قامی جرگہ میں سیاسی جماعتوں کے رہنماء شرکت کرینگے،زاہد خان

پختون قامی جرگہ میں سیاسی جماعتوں کے رہنماء شرکت کرینگے،زاہد خان

  



پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے کہا ہے کہ باچاخان مرکز پشاور میں 10مارچ 2020ء کو ہونیوالے پختون قامی جرگہ کی تیاریوں کو ختمی شکل دی جارہی ہے اور اس سلسلے میں تمام پشتون قیادت اور سیاسی جماعتوں کو دعوت نامے دیے جاچکے ہیں۔ مرکزی سطح پر جے یو آئی (ف) جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی، قومی وطن پارٹی،پی کے میپ اور پی ٹی ایم سمیت دیگر کودعوت دی جاچکی ہیں۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے کہا کہ صوبائی سطح پر بھی دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے اور کوشش کریں گے کہ ہر مکتبہ فکر کو اس جرگے کا حصہ بنائے۔ پختون قامی جرگہ میں تمام سٹیک ہولڈرزکو پیغام پہنچاچکے ہیں اور امید ہے کہ یہ جرگہ ایک تاریخ رقم کرے گی جس میں پشتون رہنماؤں کی بھرپور شرکت ہوگی۔ انتظامات کے حوالے سے زاہد خان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے صوبائی تنظیم کو ذمہ داریاں دی جاچکی ہیں، اس سے پہلے ضم اضلاع کانفرنس کے انعقاد کے بعد اس بار ملکی سطح پر پختونوں کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوگی، یہ ایک تاریخی آغاز ہے کیونکہ جب بھی پختون مسائل اور مایوسی کا شکار ہوتے ہیں، اس طرح کا جرگہ ناگزیر ہوجاتا ہے، آج پشتونوں کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے اور یہ جرگہ ان تمام مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل دینے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ اے این پی کے مرکزی ترجمان کا کہنا تھا کہ مرکزی صدر اسفندیارولی خان اس جرگے کی میزبانی کریں گے، جرگے کا ایجنڈا دعوت نامے کے ساتھ تمام لیڈرشپ کو پہنچادیا گیا ہے اس پیغام کے ساتھ کہ وہ جو نکتہ شامل کرنا چاہتے ہیں یا اس پر بحث کرنا چاہتے ہیں، جرگے سے پہلے اور جرگہ کے دن حتمی مسودے کا حصہ بنایا جائیگا۔ یہ ایک کھلا جرگہ ہوگا جس میں تمام رہنما ہر نکتہ پر بحث کریں گے۔ میاں افتخارحسین نے کہا کہ ملکی سطح پر ہر جماعت کو دعوت دی گئی ہے لیکن ساتھ ہی یہ پیغام بھی دیا گیا ہے کہ اس جرگے میں اس جماعت کے پشتون رہنما ہی شرکت کریں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر