ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے صوابی میں قائم ریسکیو سٹیشنز کا دورہ

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے صوابی میں قائم ریسکیو سٹیشنز کا ...

  



صوابی (رپورٹ:محمدشعیب) ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے صوابی میں قائم ریسکیو سٹیشنز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آپریشنل گاڑیوں اور ایمرجنسی میں استعمال ہونے والے آلات کا جائزہ لیا اور ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات کی۔ ایمرجنسی افسر نعمان خان نے ان کا استقبال کیا اور ریسکیو1122 صوابی کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ ایمرجنسی افسر نعمان خان نے ریسکیو1122 کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات اور تربیتی پروگرامز کے حوالے سے مکمل بریفننگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد نے ریسکیو1122 کے جوانوں کے جذبہ خدمت کو سراہا اور کہا کہ ریسکیو1122 کے اہلکار نامساعد حالات کے باوجود عوام الناس کو بروقت اور بہترین خدمات فراہم کررہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ قلیل عرصے میں ریسکیو اہلکاروں نے عوام الناس کا اعتماد حاصل کیا اور کسی بھی ایمرجنسی میں اب ریسکیو اہلکار ان کی امید کا محور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ریسکیو1122 کے ساتھ ہر ممکن تعاون کر رہی ہے جبکہ ریسکیو انتظامیہ بھی ریسکیو1122 کے اہلکاروں کی فلاح وبہبود کے لیے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے ان اہکاروں کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کسی بھی حادثے کی صورت میں 1122 ہیلپ لائن پر کال کر کے ریسکیو1122 کی بین الاقوامی طرز کی خدمات مفت حاصل کرسکتے ہیں.

مزید : پشاورصفحہ آخر