تمام والدین بچوں کو پولیو قطرے پلائیں،ڈی سی ڈیرہ

    تمام والدین بچوں کو پولیو قطرے پلائیں،ڈی سی ڈیرہ

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ تمام والدین کو چاہیے کہ انسداد پولیو کی ہر مہم کے دوران اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں کیونکہ پولیو جیسے موذی مرض کا قلع قمع کرنے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ای پی آئی ویئر ہاؤس میں انسدا د پولیو مہم کی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا نے کے موقع پر کیا۔تقریب میں محکمہ صحت سمیت ای پی آئی، ڈبلیو ایچ او، کام نیٹ و دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مہم کے دوران تمام افسران و اہلکار باہمی تعاون کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے انسداد پولیو مہم سے متعلق انتظامات پر اطمینا ن کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ تمام ذمہ داران اپنے فرائض کی بجا آوری میں تندہی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے مہم کیلئے مقرر کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں گے۔اس موقع پر انہوں نے تمام والدین سے اپیل کی کہ 9مارچ سے شروع ہونیوالی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو انسداد پولیو کے قطرے پلوانے کے ساتھ ساتھ حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی پورا کریں تاکہ عمر بھر کیلئے اپاہج کر دینے والے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر