بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ،نجی زمین مالکان کو ادائیگیاں کرنے کیلئے تقریب کمشنر،ڈپٹی کمشنر اوردیگر شخصیات کی شرکت
بہاول پور(بیورورپورٹ) بہاولپور میں زیر تعمیر انڈسٹریل اسٹیٹ کی(بقیہ نمبر44صفحہ7پر)
تعمیر کے لیے حاصل کی گئی زمین میں سے کچھ زمینیں نجی مالکان کی بھی تھی جو انڈسٹریل اسٹیٹ کے موجودہ احاطے میں آگئی تھیں۔ ان زمینوں کے مالکان کو زمینوں کی قیمتوں کا تعین کرکے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (PIEDMC) نے یہ رقوم بہاولپور کی لوکل انتظامیہ کو 2017میں ٹرانسفر کر دی تھیں۔ ان رقوم کی ادائیگی کے لیے بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے متعدد بار لوکل انتظامیہ سے ملاقاتیں کی اور رقوم کی ادائیگی کے لیے جد و جہد جاری رکھی۔ ان رقوم کی ادائیگی سے متعلق فائل بہاولپور ڈویژن کے موجودہ کمشنر آصف اقبال چوہدری کے سامنے پیش کی گئی جسے انہوں نے فوراً اپروول دیتے ہوئے احکامات جاری کیے کہ نجی زمین مالکان کو فی الفور ادائیگیاں کی جائیں۔ ان ادائیگیوں کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کیا گیا جس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن آصف اقبال چوہدری، ڈپٹی کمشنر بہاولپور شوذب سعید، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عمر عدنان خٹک، صدر بہاولپور چیمبر جاوید اقبال چوہدری، سینئر نائب صدراحمد بلال، نائب صدر محمد الیاس خان، اراکین ایگزیکٹو، سابق صدور اور زمین مالکان شریک ہوئے۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے صدر بہاولپور چیمبر نے کمشنر آصف اقبال چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں کی بدولت زمین مالکان کو ان کی زمینوں کے عوض آج انہیں چیک تقسیم کیے جارہے ہیں جس کے لیے ہم ان کے بے حد مشکور ہیں۔صدر چیمبر نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے نجی مالکان سے 27ایکڑ اراضی خرید کی گئی تھی جس کی کل رقم 70.26ملین قابل ادائیگی تھی اور ہم شکر گزار ہیں کہ چیمبر کی کوششوں سے یہ رقم ان کے اصل مالکان کو چیکس کو صورت میں ادا کی جارہی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر آصف اقبال چوہدری نے کہا کہ بطور کمشنر بہاولپور ڈویژن کا چارج سنبھالنے کے بعد میرے سامنے ادائیگیوں کا مسئلہ پیش کیا گیا اور ان ادائیگیوں کے لیے متعلقہ افسران سے فائل منگوائی گئی جس کے بعد ان ادائیگیوں کے لیے فوری احکامات جاری کیے۔ انڈسٹریل اسٹیٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ کے قیام سے بہاولپور کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت بھی ترقی کرے گی۔ علاقے میں صنعتوں کا قیام ممکن ہو گا اور علاقے میں غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ بھی ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے تقریب موجود نجی زمین مالکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر ان کا حق ادا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے، انہوں نے صدر بہاولپور چیمبر اور چیمبر سے وابستہ دیگر افراد کی جانب سے اس سلسلے میں کی گئی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ بہاولپور چیمبر کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ تقریب کے آخر میں 35 زمین مالکان کو واجب الادا رقوم کے چیکس تقسیم کیے گئے۔
شرکت