رافع اسرار کے میوزک ویڈیو نے دھوم مچادی

      رافع اسرار کے میوزک ویڈیو نے دھوم مچادی

  



کراچی(پ ر) پاکستان کے مایہ ناز گلوکار رافع اسرار جو اپنے پہلے ہی شاندار گانے ”سجنی“ کے ذریعے عوام کا دل جیت چکے ہیں اور اپنی شاندار لائیو پرفارمنس کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں کا ایک اور خوبصورت گانا ”وجہ کیا تھی“ سامنے آگیا ہے۔اس خوبصورت گانے کی کمپوزیشن رافع نے خود کی ہے جب کہ یہ گانا نور حسن اور عزیقہ ڈینیئل پر فلمایا گیا ہے جس کی ہدایت کاری سید رامش نے جبکہ پروڈکشن ماہنور شیخ کی ہے۔ یہ ویڈیو ہمارے معاشرے کی حقیقت پر مبنی ایک بہت ہی بنیادی تصور کا احاطہ کرتی ہے جس کے ذریعے یہ بتایا گیا ہے شریک حیات کے انتخاب میں حیثیت‘ ذات پات اوروالدین کے غلط فیصلے کیسے ذمہ دار ہوتے ہیں۔رافع اسرار نے اس گانے کو اپنے ان تمام مداحوں کے لئے وقف کیا ہے جو اپنی زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر اسی طرح کی صورتحال کا شکا ر رہے ہیں۔اسرار کا کہنا ہے کہ”عام طور پر میں گانے کی منصوبہ بندی کرتا ہوں اور پھر دھنیں فطری طور پر میرے ذہن میں آنی شروع ہوجاتی ہیں لیکن یہ وہ گانا ہے جس کیلئے میں نے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی اسی وجہ سے یہ میرے دیگر گانوں کے بالکل مختلف ہے۔“ اس اداس اور مدھر گانے کو میڈیا کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔ اسرار نے مزید کہا”یہ گانا میرے دل کے بے حد قریب ہے کیونکہ عموماً میں اپنے گانے کمپوز کرنے کے بعد اس حوالے سے اپنے دوستوں کی رائے لیتا ہوں لیکن اس بار لوگوں نے اسے گٹار پر براہ راست سنا جب کچھ مہینے پہلے میں کہیں کسی کا انتظار کرتے ہوئے میں یہ گانا گنگنا تے ہوئے یہ بات بھول بیٹھا کہ میں اردگرد کے لوگ اسے سن کر رک گئے ہیں۔لوگوں نے مجھ سے کہا کہ اسے میرا اگلا گانا ہونا چاہئے‘اس کے بعد میں نے اس گانے پر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔“

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر