پاکستان کی تھائی لینڈ کو برآمدات میں 41 فیصد اضافہ

پاکستان کی تھائی لینڈ کو برآمدات میں 41 فیصد اضافہ

  



  

لاہور(لیڈی رپورٹر)تھائی لینڈ کے قونسل جنرل تھیٹری چاؤاچھٹا نے لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تھائی لینڈ کے اہم تجارتی پارٹنرز میں سے ایک ملک ہے اور دونوں ممالک تجارتی و معاشی تعلقات کے مزید استحکام کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ ،سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمدنے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبراان شیخ محمد ابراہیم، حارث عتیق، ذیشان سہیل ملک اور حاجی آصف سحر بھی اجلاس میں موجود تھے۔تھائی کونسل جنرل نے کہا کہ 2019میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کا حجم بڑھ کر 1.46ارب ڈالر ہو گیا جبکہ پاکستان کی تھائی لینڈ کو برآمدات میں 41.45فیصد تک اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ پاکستان کو 1174.25ملین ڈالر کی برآمدات کر رہا ہے جن میں آٹو موبائل، خام تیل، کیمیکلز، ربڑمصنوعات، مشینری اور پولیمر شامل ہیں۔ جبکہ پاکستان تھائی لینڈ کو سی فوڈ، گارمنٹس اور ٹیکسٹائل مصنوعات برآمدکرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کی عالمی سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان 34ویں جبکہ جنوبی ایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ چار بڑی تھائی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کر چکی ہیں،جبکہ چار مزید کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پرتول رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی الیکٹرو پالیمر پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی اور تھائی سٹینلی الیکٹرک پبلک کمپنی لمیٹڈنے پاکستان، جاپان اور تھائی لینڈ کے مابین بین الاقوامی ٹرائی پارٹی معاہدہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ 2013سے آزاد تجارتی معاہدے کیلئے کام کر رہے ہیں، امیڈ ہے کہ بہت جلد یہ معاہدہ طے پا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ سیاحوں کی توجہ کا اہم مرکز ہے اور گذشتہ برس تھائی لینڈ جانے والے پاکستانی سیاحوں کی تعداد ہی 80ہزار رہی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین معاشی تعلقات کے فروغ کیلئے جوائنٹ اکنامک کمیشن کا اجلاس اس سال ہو گا۔ صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین مضبوط سفارتی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہو رہا ہے، تھائی لینڈ پاکستان کے درآمدی ممالک میں 9ویں جبکہ برآمدات کے اعتبار سے 24ویں نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ 2016-18 میں پاکستان کی تھائی لینڈ کو برآمدات 110ملین ڈالر سے بڑھ کر 225ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تھائی لینڈ کو فروزن فش، گندم، منرل فیولزاور کاٹن وغیرہ برآمد جبکہ آٹو موٹو پارٹ، ربڑ ٹائر، کیمیکلز، پولیمر، مصنوعی سٹیپل اور فائبرز سمیت مشینری کے اجزاء درآمد کر تا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیا ن آزاد تجارتی معاہدہ طے پا جانے سے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ نے حلال فوڈ کی برآمدمیں نمایاں جگہ بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ حلال فوڈ لاہور چیمبر نے برآمدی لحاظ سے ترجیحی شعبوں میں شامل کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں ہم تھائی لینڈ کے تجربہ سے سیکھنا اور تھائی لینڈ کینجی شعبے کے ساتھ اس شعبے میں جوائنٹ وینچر کرنا چاہتے ہیں۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر نے کہا کہ اانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں پاکستان نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے تاہم دونوں ممالک کے مابین اس مخصوص شعبہ میں بھی مشترکہ منصوبوں پر غور کیا جا سکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداران نے تھائی لینڈ کے تجارتی وفد کو پاکستان آمد کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں پاکستان میں موجود تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری اور سفارتی مشن کے مضبوط روابط، تجارتی وفود کے تبادلے،مصنوعات کی نمائش اور ایک دوسرے کی تہذیبی و ثقافتی پروگرامز میں شرکت سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا۔

مزید : علاقائی