شاہ عالم مارکیٹ میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

  شاہ عالم مارکیٹ میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

  



لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ شاہ عالم مارکیٹ میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد بڑھائیں گے۔ شاہ عالمی کے ہر بازار میں کیمروں کا کنٹرول روم ہوگا۔ تاجر بھی اپنے طور پر اچھی کوالٹی کے کیمرے نصب کرائیں۔ صدر قومی تاجر اتحاد پنجاب شیخ عمر حیات کی قیادت میں وفد سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محفوظ اور پرامن ماحول میں کاروبار کرنا تاجروں کا حق ہے۔

لاہور پولیس کے اقدامات سے اہم مارکیٹوں میں وارداتوں کی شرح میں کمی آئی ہے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید بھی موجود تھے۔ صدر قومی تاجر اتحاد پنجاب شیخ عمر حیات نے تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ لاہور کے مصروف تجارتی مرکز میں ٹریفک کے مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او نے سی ٹی او کیپٹن(ر) سید حماد عابدکو ہدایت کی کہ وہ شاہ عالمی میں پارکنگ کی صورت حال کا جائزہ لیں اور مسئلے کے حل کے لئے تاجر نمائندوں سے ملاقات کریں۔ سی سی پی او نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کے بعد تمام ڈویڑنل ایس پیز تاجر نمائندوں سے ملاقا ت کریں گے تاکہ مقامی سطح پر مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ صدر قومی تاجر اتحاد پنجاب شیخ عمر حیات نے کہا کہ تاجر برادری نے امن و امان کے لئے پہلے بھی ہمیشہ تعاون کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔ پولیس- تاجر تعاون سے جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ وفد نے سی سی پی او ذوالفقار حمید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے اقدامات سے جرائم کی شرح کم ہوئی۔ کیمروں کی تعداد بڑھانے کے لئے پولیس کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

مزید : علاقائی