کرونا وائرس، ایران کی خاتون رکن پارلیمنٹ سمیت مزید 21افراد جاں بحق

کرونا وائرس، ایران کی خاتون رکن پارلیمنٹ سمیت مزید 21افراد جاں بحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی، تفتان، تہران،بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں)سندھ میں کرونا وائرس کا شکار پہلا مریض یحییٰ جعفری مکمل صحت یاب ہوگیا جس کے بعد اسے ہسپتال سے فارغ کردیاگیا۔ہسپتال حکام کے مطابق مریض کا دوبارہ کیا جانے والا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا وائرس کی ٹاسک فورس کا اجلاس ہواجس میں سیکرٹری صحت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا پہلا شخص صحت یاب ہوگیا ہے اور اْسے ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے صحتیاب ہونے والے نوجوان یحییٰ جعفری اور اس کے اہلخانہ کو مبارکباد دی۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق 22 سالہ نوجوان یحییٰ جعفری کو آغا خان ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ سے ڈسچارج کیا گیا۔یحییٰ جعفری میں 26 فروری کو کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، وہ 20 فروری کو ایران سے کراچی آیا تھا۔یحییٰ جعفری کے 3 بار کرونا وائرس کی تصدیق کے ٹیسٹ ہوئے مگر اس میں بیماری کی کوئی علامات سامنے نہیں آئیں جس کے بعد اسے صحت مند قرار دیا گیا۔ادھر تفتان میں پاک ایران سرحد کو 14 روز بعد تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھول دیا گیا۔ایران میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد پاکستانی حکام نے حفاظتی انتظامات کے تحت بلوچستان کے ضلع تفتان میں پاک ایران بارڈر کو بند کردیا تھا اور شروع میں ایران سے آنے والے زائرین کی آمدو رفت بھی روک دی گئی تھی تاہم زائرین کو بعد میں پاکستان میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔لیویز حکام نے تفتان میں پاک ایران سرحد 14 روز بعد تجارت کے لیے کھولنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں بحال اورمال بردارٹریلرز کی آمدورفت شروع ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ تفتان بارڈر کے ذریعے ایران سے پاکستان آنے والے زائرین کو پاکستان ہاؤس میں قرنطینہ میں رکھا جارہا ہے۔ گزشتہ روزایران سے مزید 397 پاکستانی باشندے تفتان بارڈر پہنچے جن میں 222 زائرین، 68 طلبہ اور 107 کاروباری لوگ شامل تھے۔ تمام افراد کی سکریننگ بھی کی جا رہی ہے اور انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ایران سے آنے والے زائرین کی تعداد 4 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جہاز کے ذریعے سامان دالبندین ایئر پورٹ پہنچا دیا گیاہے جس میں 2 ہیوی جنریٹر، ادویات، سکریننگ مشین، میڈیکل کٹس اور دیگر طبی سامان شامل ہے۔ جبکہ پاکستان ہاؤس بھرنے کے باعث دیگر لوگوں کو ٹاؤن ہال منتقل کردیا گیا ہے۔ادھر افغانستان میں بھی کورونا وائرس کے کیس سامنے آنے کے بعد چمن پر پاک افغان بارڈر 6 روز سے بند ہے جہاں باب دوستی سے ہر قسم کی دوطرفہ آمدورفت معطل ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق چمن سے پاک افغان سرحد (آج)اتوار تک کھلنے کا امکان ہے۔علاوہ ازیں ایران میں کرونا وائرس سے خاتون رکن پارلیمنٹ سمیت مزید 21 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ایرانی پارلیمنٹ کی رکن 55 سالہ فاطمی رہبر چند روز سے کرونا وائرس میں مبتلا تھیں جن کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ایرانی میڈیا کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔ ایران میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والی یہ دوسری سرکاری شخصیت ہیں، اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کے مشیر بھی کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ ایران میں کورونا وائرس سے گزشتہ روز21 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 145 تک جاپہنچی ہے جبکہ متاثرہ مریض 4500 سے زائد ہیں جن میں 23 رکن پارلیمنٹ بھی شامل ہیں۔
کرونا مریض

مزید :

صفحہ اول -