راولپنڈی چیمبر کا شرح سود میں کمی کا مطالبہ

راولپنڈی چیمبر کا شرح سود میں کمی کا مطالبہ

  



راولپنڈی (اے پی پی) راولپنڈی چیمبر آ ف کامرس نے شرح سود میں کمی کا مطالبہ کردیا۔ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ چیمبرکے صدر صبور ملک نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شرح سود میں فوری طور پر ایک سو بنیادی پوائنٹس کی کمی کی جائے۔محکمہ شماریات کے مطابق پاکستان میں افراط زر میں دو فیصد کی کمی آچکی ہے اس لیے شرح سود برقرار رکھنے کو کوئی جواز نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی بھی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سمجھتی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا اعلان توقعات سے کم ہے۔

حکومت پٹرول اور ڈیزل پر لیوی کی شرح کم کرے اور عالمی منڈی میں کم قیمتوں کا فائدہ براہ راست عام آدمی تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ 13.25فی صد کی شرح برقرار رکھنے سے مارکیٹ خاص طور پر نجی شعبے میں غیر یقینی میں اضافہ ہو گا۔ روپے کی قدر میں کمی سے پہلے ہی قوت خرید کم ہو چکی ہے، صنعتی بحالی اور ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ شرح سود میں فوری کمی لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی سیکٹرز کی گروتھ کے لیے ضروری ہے کہ کم شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کاروباری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ زیادہ شرح کے باعث بڑے پیمانے کی صنعت سکڑ کر رہ گئی ہے۔ حکومتی دعوی کے مطابق کرنٹ اکاونٹ خسارہ سرپلس ہو چکا، تجارتی خسارے میں ساٹھ سے زائد فیصد کمی بھی آچکی۔ ایسے میں ضروری ہے شرح سود میں فوری کمی لائی جائے تاکہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔

مزید : کامرس