صارفین کو پرائز بانڈز کے حصول میں شدید مشکلات لاحق
راولپنڈی (اے پی پی) صارفین کو پرائز بانڈز کے حصول میں شدید مشکلات لاحق ہوگئیں، بنک ملازمین نے پرائز بانڈڈیلر شپ شروع کردی،بنک کا صارفین کو پرائز بانڈز کی فراہمی سے انکار۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق راولپنڈی سمیت متعدد شہروں میں سٹیٹ بنک ملازمین نے مبینہ طور پر پرائز بانڈڈیلر شپ کاکاروبار شروع کردیاہے اور یہ ملازمین بنک آنے والے صارفین کو پرائز بانڈز فراہمی سے انکاری ہوگئے۔سرکاری خبر رساں ادارے کو دستیاب اطلاعات کے مطابق سٹیٹ بنک راولپنڈی کے باہر موجود پرائز بانڈڈیلرزصارفین سے اضافی رقم لے کر پرائز بانڈز فراہم کرنے لگے ہیں۔
اور اس کاروبار میں مبینہ طور پر عملہ شریک ہے جوکہ بنک آنے والے صارفین کو پرائز بانڈز نہیں دیتا تاکہ وہ ڈیلرز سے خریداری کریں۔سٹیٹ بنک صارفین نے اے پی پی کو بتایاکہ وہ 7500روپے والے پرائز بانڈز سمیت دیگر مختلف قیمتوں کے پرائز بانڈز کے حصول کے لیے کئی ہفتوں سے خوار ہورہے ہیں۔بنک عملہ نے پرائز بانڈز سیل پیریڈ کے دوران ہی صارفین کو بتایاکہ 25ہزار اور 15ہزار کے پرائز بانڈز کی فروخت پر پابندی لگا دی گئی ہے اور فی الوقت یہ بانڈز فروخت نہیں کیے جارہے۔
جبکہ دوسری جانب 7500روپے اور کم مالیت کے پرائز بانڈز بھی صارفین کو نہیں دیئے گئے صرف 100اور 200روپے کے پرائز بانڈز فروخت کیے جارہے ہیں۔