جنرل ہسپتال شعبہ سرجری کی خواتین کے عالمی دن پر آگاہی واک

    جنرل ہسپتال شعبہ سرجری کی خواتین کے عالمی دن پر آگاہی واک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر)عالمی یوم خواتین کے موقع پر شعبہ سرجری کے زیر اہتمام جنرل ہسپتال میں آگاہی واک اور سمپوزیم کا انعقاد کیاگیا جس میں پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر،پروفیسر ڈاکٹر عائشہ شوکت،پروفیسر ڈاکٹر شہناز جاوید خان اور ڈاکٹر آمنہ جاوید نے مختلف امور پر تفصیلی لیکچرز دیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ حکومت نے خواتین کی بہتری کے لئے ملازمت کی حد میں 8سال کی توسیع اور مخصوص کوٹے سمیت کئی اہم عملی اقدام کیے ہیں،خود مختار خواتین ہی معاشرے کی حقیقی ترقی میں معاون ہو سکتی ہیں اور ان پر بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنا ہوگا۔


میڈیا سے گفتگو میں پرنسپل اے ایم سی پروفیسر الفرید ظفر،پروفیسر ڈاکٹر عائشہ شوکت، ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین کا کہنا تھا کہ اسلامی تعلیمات کی ترویج اور ایک مثالی معاشرے کے قیام کیلئے لڑکیوں کی تعلیم و تربیت نا گزیر ہے۔ دین اسلام کی ابتداء "اقراء"سے ہوئی تھی اور جنگ بدر کے مو قع پر اللہ کے نبی ؐ نے دشمن قیدیوں کی رہائی 10مسلمان بچوں کو پڑھانے کے ساتھ مشروط کی تھی جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ تعلیم کی دین اسلام میں کیا اہمیت ہے۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر عائشہ شوکت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کی عورت صرف تعلیم اور صحت کے میدان میں ہی نہیں بلکہ جہاز اڑانے سے لے کر عدلیہ اور فوج کے شعبے میں بھی اپنا لوہا منوا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں آج سے14سو سال پہلے عورت کو ماں،بیوی،بیٹی اور بہن کا جو معزز مقام دیا تھا ان سب میں حسن سلوک اور عزت عطا کرنا سب سے مقدم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے نبی کی تعلیمات کی رو شنی میں خواتین گھر کی چار دیواری سے لے کر جنگ کے عملی میدان تک اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتی ہیں۔