سپر لیگ میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن منایا گیا

سپر لیگ میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن منایا گیا

  



  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنک ربن پاکستان کی مشترکہ کاوش کے نتیجہ میں سپر لیگ میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن منایا گیا۔ اس روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ دوپہر 2 بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا گیا۔ پنک کیپ پہنے میدان میں اترنے والی بچیوں نے مختلف فیلڈنگ پوزیشنز پر موجود کھلاڑیوں کوپنک کیپ تھمائیں۔علاوہ ازیں دن کی مناسبت سے 7مارچ کو راولپنڈی میں گلابی رنگ کی اسٹمپس کا بھی استعمال کیا گیا۔ چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن میدان میں اترنے والی ٹیموں میں شامل کھلاڑی، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز دونوں وینیوز پرپنک ربن پہن کر اس مہم کا حصہ بنے۔اس روز میچ کے دوران دونوں وینیوز پر نصب بڑی اسکرینز پر چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے پیغامات بھی جاری کیے گئے۔ایشیائی ممالک میں پاکستان سب سے زیادہ اس مرض کا شکار ہے۔6 ماہ کے دوران یہ دوسری مرتبہ ہوگا جب پاکستان کرکٹ بورڈ پنک ربن پاکستان کے اشتراک سے پنک ربن ڈے منایا گیا۔

اس سے قبل گزشتہ سال 9اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پنک ربن ڈے منایا گیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ اس سے پہلے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020میں بچوں کے سرطان سے آگاہی کا دن بھی مناچکا ہے۔ 22 فروری بروز ہفتہ کو منائے گئے اس روز ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو گروپ مرحلے کے دو میچز بالترتیب کراچی اور لاہور میں کھیلے گئے تھے۔سلمان نصیر، چیف آپریٹنگ آفیسر:چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان کا شمار،چھاتی کے سرطان کے شکار ممالک میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بطور ایک ذمہ دار ادارہ، سرطان سے آگاہی فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے۔سلمان نصیر نے کہاکہ پی سی بی اپنی سماجی ذمہ داریاں بخوبی جانتا ہے اور دنیائے کرکٹ کی بہترین لیگز میں شامل ایچ بی ایل پی ایس ایل، اس مرض سے آگاہی کے لیے سب سے موزوں پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شائقینِ کرکٹ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ 7 مارچ کو گلابی رنگ کی شرٹ پہن کر اسٹیڈیمز کا رخ کریں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی