”پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ کے اب بنگلہ دیش میں ہونے کے امکانات روشن کیونکہ ۔۔۔“کرکٹ کے میدانوں سے پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر

”پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ کے اب بنگلہ دیش میں ہونے کے امکانات روشن ...
”پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ کے اب بنگلہ دیش میں ہونے کے امکانات روشن کیونکہ ۔۔۔“کرکٹ کے میدانوں سے پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )نجی ٹی و ایکسپریس نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ ایشیا کپ کے بنگلہ دیش میں انعقاد کے امکانات روشن ہونے تلے جارہے ہیں تاہم رسمی اعلان رواں ماہ کے آخر میں ہو گا۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ یہ فیصلہ بنگال ٹائیگرز کے دورئہ پاکستان پر ڈیل کے تحت پہلے ہی ہوچکا، اے سی سی کے بنگلہ دیشی سربراہ نظم الحسن نے پی سی بی کو یقین دلا دیا کہ وہ بھارتی بورڈ کو ڈھاکا آ کر کھیلنے پر آمادہ کر لیں گے۔ پی سی بی کے ترجمان نے ڈیل کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ کے مقام کا فیصلہ اے سی سی کو کرنا ہے۔

ٹوئنٹی 20 فارمیٹ کا ایشیا کپ ستمبر میں شیڈول ہے، اس کی میزبانی پاکستان کو سونپی گئی مگر یہاں انعقاد ہوتا دکھائی نہیں دیتا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی واضح کر چکے کہ اگر ہوم گراو¿نڈ پر میچز کرانے کی ضد جاری رکھی تو بھارتی ٹیم نہیں آئے گی۔انھوں نے نیوٹرل وینیو پر انعقاد کا عندیہ دیا مگر کسی کا نام نہیں لیا، دوسری جانب چند روز قبل بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی نے اعلان کیا تھا کہ ایشیا کپ یو اے ای میں ہوگا جس میں پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں حصہ لیں گی، اس پر پی سی بی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ گنگولی نہیں ایشین کرکٹ کونسل کرے گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کافی پہلے ہی بنگلہ دیش میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کا ذہن بنا چکا ہے، رواں برس کے اوائل میں ٹائیگرز کی دورئہ پاکستان کیلئے اچانک آمادگی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی، گنگولی کے اعلان پر بنگلہ دیش کو تھوڑی تشویش ہوئی جس نے میڈیا میں کورونا وائرس پر تشویش کا شوشا چھوڑتے ہوئے تیسرے مرحلے پر ٹور کیلئے آنے پر ہچکچاہٹ ظاہرکی، ایسے میں پی سی بی حکام نے اسے یقین دلایا کہ ایونٹ وہیں ہوگا، ذرائع نے مزید بتایا کہ ٹی 10 لیگ تنازع کی وجہ سے یو اے ای کے ساتھ پاکستانی بورڈ کے تعلقات مثالی نہیں رہے۔

ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ بنگلہ دیش کے نظم الحسن ہی ہیں، وہ چند روز قبل پی سی بی کو بھارتی بورڈ کو ڈھاکا آ کر کھیلنے کیلئے آمادہ کرنے کی یقین دہانی کرا چکے۔ دوسری جانب ترجمان پی سی بی نے کہا کہ ہم پہلے ہی واضح کر چکے کہ بنگلہ دیشی ٹیم کا دورہ پاکستان ڈھاکا میں ایشیا کپ کے حوالے سے کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں، یہ سیریز آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام میں شامل ہے، جہاں تک ایشیا کپ کے وینیو کا تعلق ہے تو اس کا فیصلہ رواں ماہ کے آخر میں اے سی سی میٹنگ کے دوران کیا جائے گا۔

مزید : کھیل