"ہمیں یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ ان لوگوں کی عزت کی جائے جو خوشیاں بانٹتے ہیں اور۔۔۔" امان اللہ خان کی تدفین کے تنازعہ پر شعیب اختر بھی بول پڑے

"ہمیں یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ ان لوگوں کی عزت کی جائے جو خوشیاں بانٹتے ہیں ...

  



راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر شعیب اختر نے معروف کامیڈین امان اللّٰہ کی تدفین کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں شعیب اخترکا کہنا ہے کہ امان اللّٰہ صاحب کی تدفین کو لے کر جو تنازعہ کھڑا کیا گیا وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ایک معاشرے کے طور پر ہمیں یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ ان لوگوں کی عزت کی جائے جو خوشیاں بانٹتے ہیں اور مسکراہٹیں بکھیرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذمہ دار افراد کے خلاف ایکشن لیا جانا چاہئے۔

واضح رہے کہ کامیڈین امان اللّٰہ کی تدفین کے موقع پر نجی ہاﺅسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ اور امان اللّٰہ کے اہل خانہ کے درمیان قبر کی جگہ کا تنازع پیدا ہوگیا تھا، تاہم صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کی مداخلت پر معاملہ طے پا گیا۔خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم امان اللّٰہ کے اہل خانہ قبرستان میں اپنی پسند کی جگہ پر قبر بنانا چاہتے تھے جبکہ ہاﺅسنگ سوسائٹی کا اصرار تھا کہ قبر دوسری جگہ بنائی جائے۔

اطلاع ملنے پر صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان امان اللّٰہ کی رہائشگاہ سے قبرستان پہنچے اور ان کی مداخلت پر سوسائٹی انتظامیہ نے مرحوم کے اہل خانہ کو مرضی کی جگہ پر قبر بنانے کی اجازت دی۔دوسری جانب امان اللّٰہ کے بیٹے امانت امان اللّٰہ کا کہنا ہے کہ میری خواہش تھی کہ مجھے میرے والد کے قدموں میں جگہ مل جائے، ہم صرف یہ چاہتے تھے کہ قبر کے قدموں کی طرف بیٹھ کر قرآن پاک کی تلاوت کر سکیں، ہماری درخواست ہے کہ معاملے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔

مزید : کھیل