کورونا وائرس پھیلنے کے بعد چین میں پاکستانی طلبا نے بہادری کی نئی تاریخ رقم کردی، پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کردیا

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس پھیلنے کے بعد چین میں پھنسے پاکستانی طالب علموں کے بارے میں کچھ مایوس کن خبریں گردش میں رہیں، تاہم اب ان کے متعلق ایسی خبر آ گئی ہے کہ سن کر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہو جائے گا۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق چین میں موجود پاکستانی طلبہ کورونا وائرس کی وباءکے خلاف لڑائی میں رضاکارانہ کام کر رہے ہیں اور اس کے انسداد کی جنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ یہ لوگ ڈیوائسز لے کر سڑکوں، بازاروں اور مارکیٹس میں لوگوں کا بخار چیک کر رہے ہیں۔
ان بہادر طالب علموں میں ایک ماہم ظہور ہے جو ژیامن یونیورسٹی سے انٹرنیشنل ریلیشنز میں ایم ایس کر رہی ہے۔ وہ اور اس کے دیگر پاکستانی طالب علم ساتھی ڈیوائسز لے کر باہر جاتے ہیں اور اظہار یکجہتی کے طور پر چینی باشندوں کا جسمانی ٹمپریچر چیک کرتے ہیں۔ یہ بہادر طالب علم ایسے وقت میں یہ جرات مندانہ کام کر رہے ہیں جب ہر کوئی وائرس کے خوف کے باعث گھر میں دبکا بیٹھا ہے، کہ کہیں اسے بھی وائرس لاحق نہ ہو جائے۔
ان پاکستانی طلبہ کی لوگوں کا بخار چیک کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہیں اور صارفین ان کی جرات و ہمت کی داد دے رہے ہیں۔ ان تصاویر پر چین کے آسٹریا میں تعینات سفیر لی ژیاﺅسی نے بھی کمنٹ کیا ہے اور لکھا ہے کہ ”شکریہ ماہم ظہور۔“دیگر سینکڑوں صارفین بھی ان طالب علموں کی تعریف کر رہے ہیں اوردعائیں دے رہے ہیں وہ اس موذی وباءسے محفوظ رہیں۔