اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں 544کنٹریکٹ ملازمین مستقل، مٹھائیاں تقسیم
بہاول پور(بیورورپورٹ)اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکے گریڈ1 سے 18تک کے 544کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کر دیا گیا ہے۔ ان ملازمین کو پنجاب ریگولرائزیشن ایکٹ 2018کے تحت مستقل کیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے یونیورسٹی ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے برسہا برس سے اس زیر التواء مسئلے کو حل کرنے پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر(بقیہ نمبر32صفحہ12پر)
اطہر محبوب اور سینڈیکیٹ ممبران کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ملازمین کا کہنا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے جس طرح بہت کم عرصے میں یونیورسٹی کے انتظامی، مالیاتی اور تدریس وتحقیق کے بہت پرانے مسائل کو حل کیا ہے وہ اُن کے تدبر اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ جامعہ میں طلباء کی کم ہوتی تعداد کے رحجان کو یک لخت 12 ہزار طلباء کے داخلوں سے ختم کر دیا گیا۔ تقریباً 400اساتذہ کی تقرری کے مراحل طے ہو گئے ہیں۔ طلبہ وطالبات کے لیے کلاس رومز، لیبارٹریوں، ٹرانسپورٹ اور میڈیکل کی سہولیات میں بھی توسیع اور غیر معمولی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ تعلیمی حلقوں، سول سوسائٹی اور معاشرے کے دیگر اہم طبقات کو یونیورسٹی سماجی تقریبات اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے اپنے شانہ بشانہ لے کر چل رہی ہے تاکہ اجتماعیت کا پہلو شامل رہے۔ بہاول پور کے ان تمام طبقات نے وائس چانسلر کے ان اقدامات کو علاقے کی سماجی اور تعلیمی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔مستقل ہونے والے ملازمین نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔