پی ایس ایل 6تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ پینل کا اعلان 

  پی ایس ایل 6تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ پینل کا اعلان 

  

  لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 6 کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ پینل کا اعلان کردیا گیا۔ وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر سید فیصل محمود اور  ڈاکٹر سلمہ محمد عباس پر مشتمل 2 رکنی فیکٹ فائنڈنگ پینل مقررہ بائیو سیکیور پروٹوکولز اور ضمنی قوانین کا ازسرنو جائزہ لے گا۔ ڈاکٹر سید فیصل محمود آغا خان یونیورسٹی میں شعبہ وبائی امراض میں بطورسیکشن ہیڈ اور اسسٹنٹ پروفیسر ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ ڈاکٹر سلمہ محمد عباس شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر لاہور میں بطور کنسلٹنٹ برائے وبائی امراض اینڈ جنرل میڈیسن  کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ یہ پینل 31 مارچ تک اپنی سفارشات اور تجاویز چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو پیش کرے گا۔ آزاد پینل کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ پی ایس ایل 6 کے لیے تیار کردہ کورونا  ایس او پیز کا ایک جامع اور تفصیلی جائزہ لینے  کے بعد  وہاں موجود کسی بھی خامی کی نشاندہی کرے  اور اپنی سفارشات پیش کرے کہ یہ بائیو سیکیور ماحول کورونا  فری کیوں نہ رہ سکا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور اپنے میچ آفیشلز کی صحت اور حفاظت سے متعلق بہت سنجیدہ ہے، ہم زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز اور حالیہ ڈومیسٹک سیزن کے 9 ٹورنامنٹس میں اس کا عملی مظاہرہ بھی کرچکے ہیں۔ اس میں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ، قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ بھی شامل ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ دو ماہرین پر مشتمل اس آزاد پینل کی تقرری کا واحد مقصد ایک ایماندارانہ، تعمیری اور بامقصد جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آزاد پینل ایونٹ اور ہوٹل کے عملے، میڈیکل اینڈ کمپلائنز افسران، ٹیموں کے کھلاڑیوں اور منیجمنٹ سمیت  تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ قائم کرے گا تاکہ ہمیں بہتر اندازہ ہوسکے کہ یہ کیسز کیسے سامنے آئے، اس  تفصیلی جائزے کے بعد یہ آزاد پینل  اپنی سفارشات ہمیں پیش کرے گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -