تحریک انصاف میں بھی مردہ ضمیر والے موجود ہیں،جاوید قصوری
لاہور (نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو 178ووٹ ملنا اس بات کا ثبوت ہے کہ تحریک انصاف کی صفوں میں بھی دہرے معیار کے افراد موجود ہیں جن کے ضمیر مردہ ہوچکے ہیں۔ یہ عبرت کا مقام ہے، معلوم نہیں وزراء کس منہ سے خوشیاں منارہے ہیں؟۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ساری ٹیم ہی نااہلوں کا ٹولہ ہے جو عوام کو سہانے خواب دیکھا کر خود غفلت کی گہری نیند سوچکی ہے۔ حکمرانوں کی بوکھلاہٹ عیاں ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کو تین سال مکمل ہوچکے ہیں۔ مگر کسی ایک وعدے پر بھی عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ اس سال جنوری کے اختتام تک وفاق کے قرض میں 11فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مجموعی قرضہ بڑھ کر 365کھرب 137ارب روپے ہوگیاہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 329کھرب97ارب تھا۔ عوام پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ کیا اس لیے ریاست مدینہ کا نعرہ لگایا گیا تھا۔؟ مسلسل جھوٹ بول کر عوام کے جذبات کو مجروح کرنے والے ضمنی انتخابات کے نتائج سے سبق حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں عوام کی قوت خرید سے باہر ہوگئی ہیں۔ لوگوں کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کو بھی تبدیل کیا جائے۔ تجارتی خسارہ 1006سے بڑھ چکا ہے۔ کوئی بھی سنجیدہ فرد ملک میں سرمایہ کاری نہیں کرنا چاہتا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز ٹرین حادثات معمول بن چکے ہیں۔ وقتی طور پر تحقیقات کے نام پر لوگوں کا غم و غصہ تو ٹھنڈا کردیا جاتا ہے مگر ذمہ داران کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔