پی پی چیئر مین کی حمزہ شہباز سے ملاقات، تمام فیصلے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر کرنیکا فیصلہ، سب چاہتے ہیں ”وسیم اکرم پلس“ کو فارغ کیا جائے؛ بلاو ل بھٹو

پی پی چیئر مین کی حمزہ شہباز سے ملاقات، تمام فیصلے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر ...

  

 لاہور(نمائندہ خصوصی، نیوز ایجنسیاں) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن)کے نائب صدر حمزہ شہباز حکومت کے خلاف احتجاج اور پارلیمانی پیش قدمی سے متعلق تمام فیصلے  پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم کی تحریک اعتماد کی ووٹنگ کے اعداد وشمار کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریس میں اکیلے ہونے کے باوجود عمران خان کو دھاندلی کرنی پڑی،حکومت ایک خوف میں مبتلاہے، پنجاب کے قائد حزب اختلاف کو 2سال جیل میں رکھنا پڑا تاکہ مانگے تانگے کی حکومت چل سکے،  بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سب چاہتے ہیں پنجاب کو ایسا وزیراعلیٰ ملے جو مثالی ہو، سب چاہتے ہیں‘’وسیم اکرم پلس”کو فارغ کر دیا جائے۔ہم نے ثابت کردیا کہ عوام اورپارلیمنٹ ہمارے ساتھ ہے،پی ڈی ایم میں تمام فیصلے مشاورت سے ہوں گے، پی ڈی ایم کو فیصلہ کرنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کب اور کہاں لانی ہے۔ اسلام آباد میں کیا کرنا ہے،اس کا اعلان مولانافضل الرحمان کریں گے، ہم ساتھ مل کرحملہ بھی کریں گیاور جیتیں گے بھی۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ہم ملکر آگے بڑھیں گے اور پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اہم فیصلے کریں گے، پچھلے 3 سال میں طوفان بدتمیزی ہے، پارلیمنٹ میں گالم گلوچ ہے، ٹاک شوز میں ڈاکو اور گالم گلوچ ہوتی ہے۔وہ لاہور میں ملاقات کے بعد مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سید یوسف رضا گیلانی، قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور حسن مرتضی موجود تھے جب کہ مسلم لیگ (ن) کی جاب سے سردار ایاز صادق، سعد رفیق، رانا ثنااللہ، عطااللہ تارڑ اور اویس لغاری بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو مشترکہ امیدوار بنانے، حکومت کے خلاف تحریک، پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی اور لانگ مارچ سمیت مختلف معاملات زیر بحث آئے ہیں۔ بلاول بھٹو نے استقامت سے جیل کاٹنے پر لیگی رہنما کی تعریف کی۔  بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں مسلم لیگ (ن)کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کروائی،ملاقات کے دوران حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں عدم اعتماد سے متعلق پی ڈی ایم کا فیصلہ قبول کریں گے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آج اس لیے تشریف لائے ہیں پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف بڑے عرصے بعد جیل سے باہر آئے ہیں اس پر اور سینیٹ میں مشترکہ کامیابی کی مبارک باد بھی دینے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ جو بھی قدم لیں گے اس کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مشترکہ طور پر فیصلہ کریں گے اور عوام کی نمائندگی کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نااہل اور کٹھ پتلی حکومت وفاق اورپنجاب میں مسلط کی گئی ہے، اگر جمہوری قوتوں سے مواقع چھیننا ہے تو پھر سڑکوں اور اسمبلی میں بھی سیاست کرنی ہے اور سینیٹ اور ایوان میں جگہ خالی نہیں چھوڑسکتے ہیں تاکہ یہ لوگ ان اہم عہدوں پرآکر نہ بیٹھ جائیں۔وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ ان کا اندر کا خوف تھا اور مذاق بھی تھا جہاں ریس میں اکیلے ہیں اور اس میں اعداد وشمارمیں بھی دھاندلی کرنی پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ اعتماد کے ووٹنگ میں جو نمبر دکھائے گئے وہ نہیں تھے، میں خود موجود نہیں تھا لیکن اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ایک رکن وہاں موجود تھے اور وہ کہتے ہیں اتنے نمبر نہیں ہیں، یہ ایک تنازع ہے، جس کی تحقیقات ضرور ہونی چاہئیں جہاں تک پی ڈی ایم کا تعلق ہے تو ہم نے ملک بھر میں ضمنی انتخابات اور قومی اسمبلی میں ثابت کردیا ہے عوام اور پارلیمان ہمارے ساتھ ہیں، اب عدم اعتماد کا فیصلہ عمران خان نہیں کریں گے بلکہ اپوزیشن کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے گزشتہ انتخاب سے ہم نے سیکھا ہے اس لیے قومی اسمبلی میں ہم کامیاب ہوئے اور اب چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں کامیاب ہوں گے۔پنجاب میں حکومت کے خلاف اقدامات پر انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری طریقے سے اور عوام کی بھرپور طریقے سے کٹھ پتلی کا مقابلہ کریں گے، ہمارے پاس نہ کوئی ادارہ ہے کہ ہم ان سے کوئی فیصلہ لے کر اڑا دیں لیکن پارلیمان اور عوام کے تعاون سے مقابلہ کر سکتے ہیں، پی ڈی ایم کے اندر کسی جماعت کو قائل کرنا ہماری ذمہ داری ہے اورمل بیٹھ کر فیصلے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے جس طرح قومی اسمبلی میں کامیابی حاصل کی ہے اسی طرح ہم آگے بھی حکمت عملی اپنا کر چلیں گے تاکہ ہم اپنے مقاصد حاصل کر سکیں۔۔ان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی تمام سینیٹرز سے ووٹ کے لیے رابطے کر رہے ہیں اور ہر رکن سے ووٹ مانگیں گے۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ بلاول بھٹو نے تمام معاملات پر گفتگو ہوئی ہے، پی ڈی ایم کے مقاصد صرف لانگ مارچ یا عدم اعتماد کی تحریک تک نہیں ہے بلکہ 3سال میں ملک کا جو حشر ہوا اس کو دوبارہ ٹھیک کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی آسمان کی حدوں کو چھو رہی ہے، آج اخبار میں پڑھا کہ پنجاب میں ہزاروں لوگ جن کو کینسر کی مفت دوائیاں شہباز شریف کے دور میں مفت ملتی تھیں اوروہ مارے مارے پھر رہے ہیں لیکن انہیں دوائی میسر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 28 سال بعد کپاس کی پیداوار کم ترین ہے، اسی طرح گنا اورگندم کی پیداوار بھی کم ترین ہے، معیشت کا حال سب کے سامنے ہے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم نے میثاق جمہوریت سے بہت سیکھا اور 10 سال میں اچھی روایات قائم کی تھی لیکن غلطیاں ہوتی ہیں جس سے ہم نے سیکھا۔ان کا کہنا تھا کہ پچھلے 3 سال میں طوفان بدتمیزی ہے، پارلیمنٹ میں گالم گلوچ ہے، ٹاک شوز میں ڈاکو اور گالم گلوچ ہوتی ہے اور کل اسلام آباد میں واقعات پیش آئے یہ جمہوریت کے لیے کسی صورت ٹھیک نہیں ہے۔لاہورمیں آج کوڑے کے انبارلگے ہیں،ہم آگے بڑھیں گے اورپی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اہم فیصلے کریں گے،2018کے الیکشن کے بعدایم پی ایزکوجہازوں میں بنی گالا لے جایاگیا،50لاکھ گھر،ایک کروڑنوکریوں کا نعرہ لگایا گیا،کہاں ہے وہ سب؟نوازشریف اورشہبازشریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔

بلاول

مزید :

صفحہ اول -