سینئر قیادت پر حملے کرنیوالوں کو بڑی قیمت چکانا پڑیگی: مریم نواز

  سینئر قیادت پر حملے کرنیوالوں کو بڑی قیمت چکانا پڑیگی: مریم نواز

  

 اسلام آباد(نیوزایجنسیاں)مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہماری سینئر قیادت پر حملے کرنیوالوں کو بڑی قیمت چکانا پڑے گی، کوئی ہمیں دو تھپڑ مارے گا تو جواب میں 10ماریں گے قرض چکتا کرنا جانتے ہیں، پی ٹی آئی ارکان کی گردنوں پر تلواریں رکھ کر اعتماد کا ووٹ لیا گیا جسکی کوئی حیثیت نہیں، پی ٹی آئی کے ایم این ایز ہم سے رابطے میں ہیں، زبردستی ووٹ لینے سے عمران خان کو علم ہوگیا کہ اس کا وقت اب ختم ہو چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن)کے چھ گھنٹے تک جاری رہنے والے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔مریم نوازشریف نے کہاکہ کل جس طرح (ن) لیگ کی سینئر قیادت کے ساتھ رویہ اپنایا گیا اس پر پارٹی میں سخت غصہ ہے، اگر آپ دو تھپڑ ماریں گے تو ہم آپ کو 10 تھپڑ ماریں گے۔ اجلاس میں لانگ مارچ، ڈسکہ کے ضمنی الیکشن، کراچی میں خالی ہونے والی این اے 249کی نشست کے امیدوار پر بات ہوئی۔مریم نواز نے کہا کہ کل شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، احسن اقبال، مرتضی جاوید عباسی، خرم دستگیر اور مصدق ملک کے ساتھ جو طوفانِ بدتمیزی اٹھایا گیا اس پر اجلاس میں بہت غصے کا اظہار کیا گیا۔مسلم لیگ ن کو اخلاق اور تہذیب کا بھاشن دینے والے اپنا  سبق اپنے پاس رکھیں، سینئر لیڈرشپ کی اس طرح تذلیل برداشت نہیں کی جائے گی، ن لیگ کے ساتھ جو بدمعاشی کی گئی اس کا جواب ہر ن لیگی کارکن پر قرض ہے جس کو ہر شیر ادا کرنا اچھے سے جانتا ہے۔کل جس جبر، دھونس اور غنڈہ گردی سے اعتماد کا ووٹ لیا گیا، اس کی کوئی قانونی، اخلاقی، سیاسی اور نہ آئینی حیثیت ہے۔ کل فیصلہ بدلا نہیں بلکہ مضحکہ خیز انداز میں تبدیل کرایا گیا، پورے ایوان کو بنکر بنادیا گیا، یوں لگتا تھا کہ شمالی وزیرستان کا کوئی علاقہ ہے۔ ڈرون کیمروں سے اپنے ارکان کی نگرانی کی گئی اور اس میں ایجنسیز کی مدد لی گئی۔

مریم نواز

مزید :

صفحہ اول -