روہڑی، کراچی ایکسپریس کی 9بوگیاں الٹ گئیں، خاتون جاں بحق، 40مسافر زخمی 

    روہڑی، کراچی ایکسپریس کی 9بوگیاں الٹ گئیں، خاتون جاں بحق، 40مسافر زخمی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 روہڑی،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) روہڑی میں سانگی ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی ایکسپریس پٹڑی سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 9 بوگیاں الٹ گئیں، حادثے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ چالیس مسافر زخمی ہو گئے۔حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمی ہونے والے مسافروں کو روہڑی اور سکھر کے ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ ریلوے حکام کے مطابق 30 زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا، معلومات کیلئے ہیلپ ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا ہے، سنگل ٹریک سے ٹرینوں کی آمدورفت جاری ہے۔آئی جی ریلویز کا کہنا تھا کہ حادثے میں 5 بوگیاں کھائی میں جا گریں تاہم امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا، سرچنگ اور ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، ریسکیو آپریشن میں پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی مصروف ہیں۔ابتدائی طور پر حادثے کا سبب بوگیوں کی کمپلنگ ٹوٹنا بتایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کہتے ہیں کہ کراچی ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے میں کسی کی غفلت ہوئی تو برداشت نہیں کروں گا۔وزیر ریلویز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر حادثے میں ٹرین ڈرائیور کی غلطی ہوئی تو کارروائی ہوگی،  ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ 4 سے 5 روز میں مل جائیگی۔ آئی این پی کے مطابق پاکستان ریلویز کی جانب سے روہڑی اور پنوں عاقل کے درمیان پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق خاتون کے اہلخانہ کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے،ریلوے حکام کے مطابق ٹرین حادثے میں جاں بحق خاتون عظمی کراچی سے ساہیوال جا رہی تھیں، جاں بحق خاتون عظمی کے اہلخانہ کو 10لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی،حکام کے مطابق تمام زخمیوں کو ایک سے پانچ لاکھ روپے کی مالی مدد ملے گی،ریلوے حکام کا بتانا ہے کہ کراچی ایکسپریس 10 بجے کے بعد حادثے کی جگہ سے مسافروں کو لے کر لاہور کے لیے روانہ ہو گی۔
کراچی ایکسپریس

مزید :

صفحہ اول -