حکومتی ترقیاتی کام زحمت کا باعث بن گئے ہیں: ثمر بلور

حکومتی ترقیاتی کام زحمت کا باعث بن گئے ہیں: ثمر بلور

  

 پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان و ممبر صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ترقیاتی کام عوام کیلئے زحمت کا باعث بن رہے ہیں حکومتی ممبران کی جانب سے پشاور کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام شروع کر کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے بغیر ادھورے چھوڑ دیئے جاتے ہیں جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان و ممبر صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے کہا کہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ حاجی شوکت علی کی جانب سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 78 کے یونین کونسل 14 لاہوری گیٹ میں گیس منصوبے پر کام شروع کیا گیا ہے جس کو پایہ تکمیل تک پہنچائے بغیر ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں کی جانے والے کھدائی کے باعث علاقے کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور علاقے کے مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ”گلی خود بناؤ مہم“ کا آغاز کردیا ہے جو قابل افسوس ہے۔ ثمر ہارون بلور نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے شہر بھر کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے جس سے پورا شہر ویرانے کی شکل اختیار کر چکا ہے جس کے حوالے سے شہریوں نے مختلف اوقات میں آواز اٹھائی ہے جبکہ ان سے رابطے بھی کئے ہیں مگر ان کو مایوسی کے سواء کچھ نہیں ملا اور مجبوراً انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گلی کوچوں کی تعمیر کا سلسلہ شروع کردیا ہے جو حکومتی دعوؤں کے برعکس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت اور متعلقہ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے فوری طور پر عوام کو درپیش مشکلات و مسائل کا خاتمہ نہ کیا تو عوام کیساتھ اس کیخلا ف بھر پور آواز اٹھائینگے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -