آلودگی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں: اشتیاق ارمڑ

آلودگی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں: اشتیاق ارمڑ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ سازگار ماحول کیلئے راہ ہموار ہو سکے، جنگلات کے فروغ کیلئے پی ٹی آئی کا کردار مسلم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا چیلنج ہے لہٰذا قدرتی ماحول کا تحفظ اور گردونواح کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگلات کی ترقی پی ٹی آئی حکومت کا انقلابی اقدام ہے اور گلوبل وارمنگ ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا کے ماحول کو خدشات لا حق ہیں، پاکستان تحریک انصاف حکومت نے شجر کاری پر اپنی توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے اپنے میگا پراجیکٹ بلین ٹری ایفارسٹیشن پر بھر پور انداز سے عمل پیرا ہے جس کی بیرونی ممالک بھی تائید کرتے ہیں اور جس کا تمام تر کریڈٹ پی ٹی آئی حکومت کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ماضی میں حکمران اس سنگین مسئلہ پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھاتے تو آج ملک کو آلودگی کے حوالے سے اتنا بڑا چیلنج درپیش نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے بلین ٹری منصوبے کی کامیابی کیلئے توقعات سے بڑھ کر شجر کاری مہم میں حصہ لیا ہے جو کہ قابل تحسین ہے اگر یہی جذبہ کار فرما رہا تو وہ دن دور نہیں جب ہمارا ملک اس آلودگی کے خاتمے میں توقعات کے مطابق کامیابی حاصل کر لے گا۔انہوں نے کہا کہ رواں موسم شجر کاری کیلئے انتہائی موزوں ہے لہٰذا ہر فرد کو چاہئیے کہ وہ صدقہ جاریہ کے طور پر کم از کم ایک پودا لگا کر اپنا اخلاقی، مذہبی اور معاشرتی فریضہ ادا کرے