کیا عثمان بزدار جا رہے ہیں؟ شیخ رشید نے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔
نجی ٹی وی سما کے انٹرویو میں میزبان ندیم ملک نے شیخ رشید سے سردار عثمان بزدار کی تبدیلی کے بارے میں سوال پوچھا تو وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شیخ رشید کے مطابق انہوں نے ایک بار عثمان بزدار سے بات کی تو انہوں نے آگے سے کہا کہ ان کا اپنا ذاتی کوئی ووٹ نہیں ہے، سارا ووٹ عمران خان کا ہے، ان کے ساتھ اللہ کے بعد عمران خان کی ذات ہے۔
وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی تبدیلی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں فرق نہیں پڑتا کہ کون سیکرٹری بنتا ہے، ان کا یہ کام نہیں ہے کہ کہتے پھریں کہ فلاں کو سیکرٹری لگائیں اور پھر اس سیکرٹری سے اپنے کام کروائیں، اگر وہ ایسا کریں گے تو پھر وہ وزیر نہیں مالشیے رہ جائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔