پاکستان میں اقلیتوں کو آئین کے مطابق  تمام حقوق حاصل ،  حکومت کسی کو  تکفیر وتوہین کی اجازت نہیں دے گی، علامہ طاہر اشرفی کا اعلان

پاکستان میں اقلیتوں کو آئین کے مطابق  تمام حقوق حاصل ،  حکومت کسی کو  تکفیر ...
پاکستان میں اقلیتوں کو آئین کے مطابق  تمام حقوق حاصل ،  حکومت کسی کو  تکفیر وتوہین کی اجازت نہیں دے گی، علامہ طاہر اشرفی کا اعلان

  

سرگودھا(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کےمعاونِ خصوصی علامہ طاہرمحمود اشرفی نے کہا ہے کہ  پاکستان میں تمام مذاہب اور اقلیتوں کو آئین کے مطابق حقوق حاصل ہیں، اسلام میں کم عمر بچیوں کی شادیوں کی ممانعت ہے،  وفاق المدارس کو سیاست سے پاک کیا جائیگا،حکومت کسی کو تکفیر وتوہین رسالتﷺ  صحابہ اور اہل بیت کی اجازت دے گی او رنہ ہی توہین رسالتﷺ  کی آڑ میں کسی فرقہ یا اقلیت کا استحصال برداشت کیا جائے گا۔

علامہ طاہر محمود اشرفی نے میڈیا سےگفتگو کرتےہوئےکہاکہ دستور پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے،اسلام جبر کا دین نہیں لیکن شعار اسلام وعبادت گاہوں کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی،ملک کا امن افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کے ہزاروں جوانوں کے خون کا مرہون منت ہے، اگر قوم اور افواج ایک پیچ پر نہ ہوتے تو پاکستان کی حالت عراق شام  مصر لیبا سے بھی بدتر ہوتی۔

علامہ طاہر اشرفی  نے ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کر تے ہوئے کہاکہ تمام اضلاع کی انتظامیہ ہفتہ میں ایک روز علمااور اکابرین مذاہب کیلئے مختص کریں گے تاکہ بین المذاہب ومسالک کے مسائل کو حل کیاجاسکے او ران کی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے، مسلکی اختلاف کے باعث کسی مسجد کو سیل نہ کیا جائے ،مساجد سے اللہ اکبر کی صدائیں سدا گونجتی رہنی چاہیں،یہ اللہ کا گھر ہیں انہیں بند نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ملکی سلامتی ہر شہری کو عزیز ہے سرحد پر کھڑے قوم کے محافظ چند ٹکوں کے محتاج نہیں ان کا مطمع النظر شہادت اور ابدی حیات ہے، آئمہ اور علماومشائخ منبر ومحراب سے اتفاق اتحاد کی صدائیں بلند کریں،نفاق پیدا کرنے والے مولویوں کا ٹھکانہ جیل کی سلاخیں ہیں،ان کو سٹیج نہ سونپا جائے،ملک میں انتشارکےپیچھے ہمارا ازلی دشمن بھارت ہے، اس کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑاہونا ہماری قومی ذمہ داری ہے،یہ ملک ہماری پہچان ہے۔

معاون خصوصی نےگزشتہ محرم کاحوالہ دیتے ہوئےکہاکہ ہمارے ریاستی دشمنوں نےاس بابرکت او رمحترم مہینےکےامن کوسبوتاژکرنےکیلئےکئی سازشیں رچائیں لیکن ہمارے اداروں نے انہیں ناکام ونامراد کیا او رکئی شرپسند وں اور ملک دشمنوں کو گرفتار کیا،ریاستی دشمن سوشل میڈیا کے ذریعے ہماری نوجوان نسل کے ذہنوں میں افواج پاکستان کے خلاف مہم چلاتے ہیں جس کا قلع قمع کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، والدین اپنے بچوں کو سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے روکیں تاکہ اداروں او رریاست کے دیگر ستونوں کے مابین مکمل ہم آھنگی  محبت  پیار کو فروغ دیا جاسکے۔

انہوں نےکہاکہ حکومت بین المذاہب ہم آھنگی کونسل قائم کر رہی ہےتاکہ تمام ادیان کےمابین مکمل اتفاق اوررواداری قائم کی جاسکے،دوسروں کے مقدس مقامات کی توہین بھی برداشت نہیں کی جائیگی، ریاست اپنے فیصلوں پر عمل کروانا جانتی ہے،مذہبی آزادی حق ہے لیکن آئین پاکستان کا باغی اس حق سے محروم ہو جاتا ہے، وفاق المدارس کو سیاست سے پاک کیا جائیگا، وفاق المدارس کامقصد صرف تعلیم کا فروغ ہونا چاہیے۔یوم خواتین کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ تبلیغ دین میں سب سے پہلے اسلام لانے والی خاتون حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا تھیں، اسلام نے عورتوں کو جو مقام مناصب عطا کئے وہ کسی اور دین میں حاصل نہیں، اسلام میں کم عمر بچیوں کی شادیوں کی ممانعت ہے اور عورت کی رضا مندی کے بغیر اسے شادی کے بندھن میں جبری باندھنا خلاف شریعت ہے، علماء اسلام کی صحیح تصویر پیش کریں تاکہ اسے تاریخی حیثیت دوبارہ مل سکے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -سرگودھا -