پی ڈی ایم کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار کون ہوگا؟ اہم فیصلہ سامنے آگیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا نام فائنل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی ہے، کمیٹی میں تمام پارٹیوں کے رہنما شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اجلاس کےبعدمیڈیاسےگفتگو کرتےہوئےمولانا فضل الرحمان کا کہناتھاکہ ،ہفتے کےروزتحریک انصاف کےغنڈوں نےسیاسی قائدین پر حملہ کیا،یہ واقعہ قابل نفرت اور قابل مذمت ہے،اب ہمیں واضح حکمت عملی کےساتھ لانگ مارچ کرنا چاہیے،اسلام آباد یا راولپنڈی پہنچ کر چند روز قیام ہونا چاہیے، 26 مارچ کو لانگ مارچ کا آغاز ہوگا، ملک کےکونےکونے سےقافلےروانہ ہونگے، قوم غیر آئینی اور غیر جمہوری حکومت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ، لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد میں قیام کےحوالےسے15 مارچ کو دوبارہ سربراہی اجلاس منعقد ہوگا جس میں مزید تفیصلات سامنے آ جائیں گی۔
مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر پارلیمنٹ سے استعفوں کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ سے استعفے دینے چاہیں اور استعفے دینے کے بعد ہمیں ساری توجہ اپنی جاری تحریک پر دینی چاہیے،استعفے بھی جمہوری عمل کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہ کر دی گئی ہے، موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی بھی ناکام ہے، ہفتے کے روز جعلی انداز میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی گئی،اعتماد کے ووٹ کے لئے قومی اسمبلی کا بلایا گیا اجلاس بھی غیر آئینی تھا ۔